Live Updates

کھیل میں سیاست گھسیٹنا اس کی اصل روح کے منافی ہے، بھارتی ٹیم کے شرمناک رویے پر محسن نقوی کا رد عمل

ایشیاء کپ کے دبئی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاک بھارت میچ میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کے ساتھ روایتی ہینڈ شیک سے انکار کر دیا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 15 ستمبر 2025 10:22

کھیل میں سیاست گھسیٹنا اس کی اصل روح کے منافی ہے، بھارتی ٹیم کے شرمناک ..
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 ستمبر 2025ء ) ایشیا کپ کے پاک بھارت میچ میں بھارت کی جانب سے اسپورٹس مین شپ کی خلاف ورزی پر صدر ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی) اور چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کا رد عمل سامنے آگیا۔ 
محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بھارت کی جانب سے اسپورٹسمین شپ کی خلاف ورزی پر انتہائی مایوسی کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کھیل میں سیاست گھسیٹنا اصل روح کے منافی ہے، امید ہے آئندہ فتوحات کو تمام ٹیمیں خوش اسلوبی اور وقار کے ساتھ منائیں گی۔
 
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاک بھارت میچ میں بھارت کی جانب سے کھیل کے آداب کی کھلی خلاف ورزی سامنے آئی، جب بھارتی ٹیم نے پاکستان کے ساتھ روایتی ہینڈ شیک سے انکار کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

شائقین کرکٹ نے اس واقعے پر مختلف آراء کا اظہار کیا ہے۔ 
بعض نے اسے دونوں ٹیموں کے درمیان بڑھتی ہوئی کرکٹ حریفانہ کشیدگی کی عکاسی قرار دیا جبکہ کچھ نے اسے محض ایک اتفاق کہا۔
پی سی بی کے مطابق پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے میچ ریفری کے رویے پر باقاعدہ احتجاج ریکارڈ کروا دیا جبکہ ٹیم مینجر کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ بھارتی کھلاڑیوں کا ہاتھ نہ ملانا اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف ہے۔

 
کپتان سلمان علی آغا نے بھی بھارتی رویے کے خلاف اختتامی تقریب میں احتجاجاً شرکت نہیں کی، اس حوالے سے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اختتامی تقریب میں نہ جانے کی وجہ یہ تھی کہ تقریب کے پریزنٹیٹرکا تعلق بھارت سے تھا۔ 
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے یک طرفہ مقابلے کے بعد شکست دے دی۔ 
دبئی کے اسٹیڈیم میں پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرے کا ٹاس پاکستان کے حق میں رہا جس پر کپتان سلمان علی آغا نے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم میچ کا نتیجہ قومی ٹیم کے خلاف رہا۔

 
پاکستان کی ٹیم بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی ناکام رہی اور بھارتی بلے بازوں کے آگے بے بس نظر آئی۔ 
انڈیا نے پاکستان کے دیے گئے 128 رنز کے ہدف کے جواب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 15.5 میں 131 رنز بنائے۔ سوریا کمار یادوو 47 رنز جبکہ ابھیشیک شرما 31 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، صائم ایوب قومی ٹیم کے واحد بولر تھے جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

 
پاکستان کے اوپنر اور مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام رہے اور تاہم صاحبزادہ فرحان کے چالیس اور شاہین کے 33 رنز کیوجہ سے مجموعی اسکور 127 تک پہنچا تھا۔ 
اس کے علاوہ قومی ٹیم کے پانچ اہم کھلاڑی ڈبل فیگرمیں بھی داخل نہ ہوسکے جبکہ فخر زمان 17، فہیم اشرف 11 اور صفیان مقیم 10 رنز بناسکے۔ 
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادوو نے چار اوورز میں 18 رنز دے کر تین، جبکہ اکشر پٹیل اور بمراہ نے نے 2،2 اور ہاردک پانڈیا، ورون چکرورتی نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات