پاکستانی خواتین نے جمہوری جدوجہد میں لازوال قربانیاں دی ہیں، ڈاکٹر شاہدہ رحمانی

پیر 15 ستمبر 2025 15:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی خواتین نے جمہوری جدوجہد میں لازوال قربانیاں دی ہیں، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے تسلسل اور استحکام کیلئے گرانقدر قربانیاں دی ہیں۔ پیر کو عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر جاری ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج یومِ جمہوریت پر جمہوری جدوجہد کے تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہوں، پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام اور عوامی خدمت کو ترجیح دی، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کے لئے جانوں کا نذرانہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین نے بھی جمہوری جدوجہد میں لازوال قربانیاں دیں، ویمن کاکس جمہوریت اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے خواتین کی سیاسی شمولیت کا دروازہ کھولا، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری جمہوریت کے تسلسل کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ ہر شہری بالخصوص خواتین کو برابر کے حقوق حاصل ہوں، جمہوریت ہی وہ راستہ ہے جو عوام کو طاقت دیتا ہے اور ملک کو مستحکم بناتا ہے، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور تسلسل پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت فاطمہ جناح نے ہمیشہ خواتین کے جمہوریت میں کردار پر زور دیا، قائداعظم محمد علی جناح خواتین کے کردار کو قومی ترقی اور جمہوری استحکام کے لئے ناگزیر سمجھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے خواتین کو جمہوری اور سیاسی عمل کا حصہ بنایا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے خواتین کے لئے سیاست کے دروازے کھولے اور جمہوریت کے لئے انتھک جدوجہد کی، خواتین کا کردار پاکستان کی جمہوری تاریخ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، پیپلز پارٹی ویمن کاکس خواتین کی سیاسی شمولیت اور جمہوری استحکام کی ضامن ہے۔