گلگت بلتستان کے صحرا میں تاریخ رقم، سرفرنگاہ میراتھن 2025 کا شاندار انعقاد

پیر 15 ستمبر 2025 21:19

گلگت بلتستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2025ء) گلگت بلتستان کے ضلع شگر کے تاریخی صحر سرفرنگاہ میں پاک فوج کے زیر اہتمام پہلی نیشنل سرفرنگاہ میراتھن 2025 کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے ایک ہزار سے زائد ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔ 21 کلومیٹر طویل اس میراتھن میں نہ صرف پاکستان کے مختلف علاقوں سے کھلاڑی شریک ہوئے بلکہ غیر ملکی ایتھلیٹس نے بھی ایونٹ میں بھرپور شرکت کی۔

سرفرنگاہ میراتھن نے گلگت بلتستان کو ایڈونچر ٹورازم کے عالمی نقشے پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ شرکاء اور غیر ملکی سیاحوں نے اس ایونٹ کو ایک یادگار تجربہ قرار دیا اور کہا کہ ایسے مقابلے علاقے میں مثبت سرگرمیوں، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی، اور سیاحت کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ تھے، جنہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے ایتھلیٹس میں انعامات تقسیم کیے۔

میراتھن میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ایتھلیٹ کو چھ لاکھ روپے نقد انعام دیا گیا، جب کہ مجموعی طور پر چالیس لاکھ روپے سے زائد کے انعامات، ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔پہلے 50 نمایاں کھلاڑیوں کو خصوصی سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات سے نوازا گیا، جن میں سے 26 کا تعلق گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں سے تھا، جو مقامی ٹیلنٹ کی نمائندگی کا ثبوت ہے۔مقامی عوام اور شرکاء نے پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سرفرنگاہ میراتھن جیسے ایونٹس نہ صرف نوجوانوں کے لیے ایک مثبت پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں بلکہ گلگت بلتستان کی خوبصورتی، ثقافت اور امن کو دنیا کے سامنے لانے کا مؤثر ذریعہ بھی ہیں۔ عوام نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے ایونٹس کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا۔