Live Updates

سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات کیے جائیں،منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان

پنجاب میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہزاروں خاندان بے گھر اور مشکلات کا شکار ہو گئے،ریاست شاہد

پیر 15 ستمبر 2025 19:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)پنجاب میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہزاروں خاندان بے گھر اور مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ گھروں کی تباہی، فصلوں کا نقصان اور متاثرہ افراد کی کسمپرسی نے ایک سنگین انسانی بحران پیدا کر دیا ہے۔ ایسے حالات میں منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان نے اپنی عوام دوستی اور خدمت کے جذبے کو عملی شکل دیتے ہوئے متاثرین کے لیے ہنگامی امدادی سرگرمیوں کا اعلان کیا ہے۔

چیف آرگنائزر ریاست شاہد اور سینئر وائس چیئرمین آصف نذیر نے پارٹی کے تمام ورکرز کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ گائوں گائوں اور قصبہ قصبہ جا کر متاثرہ خاندانوں کی ضروریات کا جائزہ لیں اور فوری امداد فراہم کریں۔ اس سلسلے میں کھانے پینے کی اشیاء، صاف پانی، ادویات اور عارضی رہائش کو ترجیح دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سینئر وائس چیئرمین آصف نذیر نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا ہے۔

انہوں نے مریام آباد مینجمنٹ، سیالکوٹ کنونشن مینجمنٹ، سول سوسائٹیز، حکومتی این جی اوز اور تمام اقلیتی و مسیحی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر اس مشکل وقت میں متاثرین کا سہارا بنیں۔بانی و چیئرمین یعقوب شریف گِل اور پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے جاری گائیڈ لائنز میں واضح کیا گیا ہے کہ جہاں حکومتی امداد کم پڑے گی، وہاں منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان اپنے کارکنان کے ذریعے خلا کو پُر کرے گا۔

پارٹی قیادت نے اس موقع پر حکومت سے بھی اپیل کی ہے کہ متاثرین کی فوری بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان صرف اقلیتوں ہی کی نمائندہ نہیں بلکہ ملک بھر کے مظلوم اور محروم عوام کی آواز ہے، اور یہ مشکل وقت اجتماعی کاوشوں اور یکجہتی سے ہی آسان بنایا جا سکتا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات