صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان کی ضلع بنوں میں مختلف عوامی سرگرمیوں میں شرکت

پیر 15 ستمبر 2025 19:53

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے ضلع بنوں میں مختلف عوامی سرگرمیوں میں شرکت کی ، عمان کشتی حادثے میں لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے وہ خوجڑی گئے ۔ محکمہ پبلک ہیلتھ خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق انہوں نے فی کس 10،10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرکے اس پیکج میں مزید اضافہ کی کوشش کریں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی جان کا نعم البدل ممکن نہیں مگر یہ اقدام متاثرہ خاندانوں کی مشکلات میں کمی کا ذریعہ ہوگا ۔ اسی طرح انہوں نے چکڈاڈان میں واپڈا ملازمین کے اغوا کے مسئلے پر منعقدہ جرگے میں شرکت کرتے ہوئے مغویوں کے اہل خانہ کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی بازیابی کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ قوم اور جرگہ جو فیصلہ کرے گا ،وہ سر آنکھوں پر قبول ہوگا کیونکہ ان کی اصل ترجیح عوام کی خدمت ہے نہ کہ اقتدار۔

ادھر علاقہ غوریوالہ کے قریب شمولیتی تقریب کے دوران ملک رشید خان، محمد، ادریس خان، الیاس خان، محمد ماموں رشید اور دیگر خاندانوں نے صوبائی وزیر کی موجودگی میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ عوام کا اعتماد ہی ان کی اصل طاقت ہے۔ پختون یار خان نے کہا کہ عصری اور دینی علوم کا امتزاج ہی معاشرے کی کامیابی کی ضمانت ہے اور علماء کرام کی رہنمائی نوجوان نسل کیلئے روشنی کا مینار ہے۔