ایم ڈی کیٹ امتحان ڈومیسائل کی بنیاد پر لینے کا فیصلہ

ہر طالبعلم اپنے ڈومیسائل کے مطابق متعلقہ صوبے میں ٹیسٹ دے گا

بدھ 17 ستمبر 2025 12:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلہ کے لئے ایم ڈی کیٹ امتحان ڈومیسائل کی بنیاد پر لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ہر طالبعلم اپنے ڈومیسائل کے مطابق متعلقہ صوبے میں ٹیسٹ دے گا اور کسی دوسرے صوبہ میں امتحان نہیں دے سکے گا۔ فیصلے کے مطابق چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلہ کیلئے یونیورسٹیز کی منظوری دی گئی ہے،ان میں آئی بی سکھر، بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسزکوئٹہ اور اسلام آباد میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی شامل ہیں۔

سندھ اور بلوچستان کے امیدواروں کیلئے اسلام آباد میں ایک ایک سینٹر بنایا جائے گا جہاں وہ امتحان دے سکیں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب اور خیبرپختونخوا ہ ڈومیسائل کے حامل امیدوار اپنی یونیورسٹی کے سینٹرز پر امتحان دیں گے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے سینٹرز پر آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کے امیدوار بھی امتحان دے سکیں گے تاہم ان کے کوٹہ کے مطابق نشستیں مقرر کی گئی ہیں۔ پی ایم ڈی سی کے مطابق میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلہ کیلئے متعلقہ صوبہ کا ڈومیسائل لازمی ہو گا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے رہائشیوں کیلئے بھی پاکستان کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں نشستیں مختص ہیں۔ امتحان 5 اکتوبر 2025 کو منعقد ہونا تھا لیکن اب یہ امتحان 26 اکتوبر کو ہو گا۔