وزیراعظم شہبازشریف تین ملکوں کے دورے پر سعودی عرب روانہ، اعلیٰ سطحی وفد بھی ہمراہ

بدھ 17 ستمبر 2025 23:14

وزیراعظم شہبازشریف تین ملکوں کے دورے پر سعودی عرب روانہ، اعلیٰ سطحی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر مملکت سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض روانہ ہو گئے۔ اس اہم دورے میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور اور اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی سعودی عرب روانہ ہوا ہے، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات و نشریات عطائ اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ماحولیات مصدق ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔علاوہ ازیں دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم سعودی عرب کے دورے کے بعد برطانیہ اور پھر امریکہ جائیں گے جہاں امریکی صدر ٹرمپ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔