وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ کی ایرانی سفیررضا امیری مقدم سے ملاقات،دوطرفہ تجارت، سرحدی تعاون اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں اقدامات بارے تبادلہ خیال کیا

جمعرات 18 ستمبر 2025 17:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے جمعرات کو ایرانی سفارتخانے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی اور دوطرفہ تجارت، سرحدی تعاون اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں عملی اقدامات بارے تبادلہ خیال کیا ،ملاقات میں سندس فاؤنڈیشن کے سربراہ ا یئر وائس مارشل (ر) آفتاب حسین نے بھی شرکت کی۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تجارت، سرحدی تعاون اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں عملی اقدامات بارے تبادلہ خیال کیا ۔ وفاقی وزیر نے اپنی وزارت کے تعاون سے سندس فاؤنڈیشن کے زیر علاج ہیموفیلیا کے مریضوں کےلئے استعمال ہونے والی ادویات کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے درخواست کی کہ ان ادویات کی باضابطہ اور سبسڈی شدہ درآمد کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا جائے تاکہ مریضوں کو محفوظ اور مؤثر علاج فراہم ہو سکے۔

اس پر ایرانی سفیر نے یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کا جائزہ لے کر متعلقہ حکام سے مشاورت کے بعد عملی تجاویز فراہم کریں گے۔ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی مسائل، خصوصاً سرحدی رکاوٹوں اور بنیادی ڈھانچے کی کمزوریوں کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے بتایا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی خواہش پر صدرِ ایران کے حالیہ دورہ پاکستان کے بعد پاکستانی چاول کی درآمد میں تقریباً دس فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

سید عمران احمد شاہ نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان معاشی روابط مستحکم کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور ایران کے سرحدی علاقوں کی تعمیر و ترقی کی فوری ضرورت ہے اور مقامی آبادی کے لیے سہولیات کی فراہمی میں تیزی لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ پاکستان اور ایران کے تاریخی، اسلامی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور یہ رشتہ آئندہ بھی مضبوط سے مضبوط تر ہوگا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا عزم کیا۔ سید عمران احمد شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی سرحد کو ترقی اور دوستی کا ذریعہ بنایا جائے۔\932