فیڈل مارشل سیدعاصم منیر نے پاکستان کی دُنیا بھر میںبڑھا دی، سمعیہ ساجد

پورے خطے میں امن اور طاقت کا توازن ایک دفعہ پھر بدل گیا،چیئرپرسن خواتین ونگ

جمعرات 18 ستمبر 2025 15:43

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ و چیئرپرسن کشمیرویمن الرٹ فورم (کواف)محترمہ سمعیہ ساجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ بنیاں المرصوص کی کامیابی کے بعد دُنیا بھر میں پاکستان کو کامیابی حاصل ہورہی ہے جس کا سارا کریڈٹ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جاتا ہے۔ فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی جرات مندانہ عسکری قیادت نے پاکستان کو ایک نئے مقام پر فائز کر دیا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان وہ تاریخی دفاعی معاہدہ طے پایا ہے جس کے مطابق اگر کسی ایک ملک پر حملہ ہوا تو اسے دونوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ یہ محض ایک معاہدہ نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک معرکہ حق ہے، جس نے پاکستان کو عالم اسلام کا اصل قلعہ ثابت کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر، جو حافظِ قرآن اور دور اندیش قیادت کے حامل ہیں، نے پاکستان کی عزت و وقار کو عالمی سطح پر بلند کیا ہے۔

ان کی قیادت نے امریکہ کے ساتھ تعلقات میں نئی جہت پیدا کی اور اب سعودی عرب جیسے برادر ملک کو دفاعی طور پر پاکستان کے ساتھ ایک ناقابلِ تسخیر حصار میں باندھ دیا ہے۔ دنیا بھر کو پیغام دے دیا گیا ہے کہ پاکستان اور اس کے اتحادی اسلام دشمن قوتوں کے مقابلے میں ایک چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔وزیرِاعظم شہباز شریف کا کردار اس تاریخی کامیابی میں بنیادی ہے، جنہوں نے اپنی بھرپور سیاسی اور سفارتی حمایت کے ذریعے عسکری قیادت کے ہاتھ مضبوط کیے۔

حکومت اور اداروں کا یہ باہمی ہم آہنگی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور دنیا کو یہ باور کروا رہی ہے کہ پاکستان متحد ہے اور اپنی قومی و اسلامی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔کشمیری عوام اس عظیم معاہدے کو اپنی آزادی اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں نئی توانائی کا سرچشمہ سمجھتے ہیں۔ ایک مضبوط پاکستان کا مطلب ایک طاقتور کشمیر ہے۔

جب عرب دنیا پاکستان کے دفاعی حصار کے اندر ہوگی تو مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو بھی عالمی سطح پر مزید سہارا اور تقویت ملے گی۔یہ دراصل اسی معرکہ حق کی تجدید ہے جس میں ایمان، قربانی اور اتحاد کے ذریعے ہمیشہ باطل کو شکست دی گئی۔ آج پاکستان، سعودی عرب اور پوری عرب دنیا اسی جذبے سے ایک بار پھر متحد ہو رہی ہے۔ کشمیری عوام دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان، اس کی سیاسی و عسکری قیادت کو کامیاب کرے اور امت مسلمہ کے اتحاد کو مزید مضبوط بنائے۔