Live Updates

کراچی سے خیبر تک عوامی حقوق پامال ہو رہے ہیں، زاہد اعوان

جمعرات 18 ستمبر 2025 16:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)تحریک عوام پاکستان اور پاکستان جسٹس ایسوسی ایشن کے درمیان چیئرمین تحریک عوام پاکستان محمد زاہد اعوان کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں دونوں جماعتوں نے باہمی اتفاق رائے سے اعلان کیا ہے کہ ملک کو چند خاندانوں کی حکمرانی اور غیر شفاف اقدامات کی وجہ سے لاحق جمود و عدم استحکام سے نکالنے کے لیے ایک مشترکہ اور منظم عوامی مہم چلائی جائے گی۔

ملاقات میں جسٹس ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین سردار محمد اقبال خان کی قیادت میں وفد نے حصہ لیا جس میں ڈاکٹر نصیر، عامر ضیا، ڈاکٹر خالد، لئیق بھائی اور احمد بھائی وغیرہ بھی موجود تھے۔ شرکا نے واضح کیا کہ کراچی سے خیبر تک عوامی حقوق پامال ہو رہے ہیں، بدعنوانی، اقربا پروری اور سرکاری وسائل کی بے دریغ لوٹ مار نے ریاست کو مفلوج کر دیا ہے اور مہنگائی و بے روزگاری کے باعث جرائم میں اضافہ ملک کے ہر صوبے میں نظر آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

تحریک عوام پاکستان کے چیئرمین محمد زاہد اعوان نے کہا کہ عالمی سیاسی حالات میں نئے تناسب نے پاکستان کی حیثیت کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے اور دہائیوں تک ملک کے وسائل پر قابض چند خاندان غریب اور متوسط طبقوں کے جمہوری حقوق کی خلاف ورزی کر چکے ہیں، اس لیے اب قوم نے اپنی نسلوں کے حقوق کی بحالی کے لیے آزادی اور خودمختاری کی بازیابی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

انہوں نے پاکستان جسٹس ایسوسی ایشن سمیت تمام محبِ وطن اور جمہوریت پسند قوتوں کو ایک نئے پلیٹ فارم پر متحد ہو کر عوامی اقتدار کی راہ ہموار کرنے کی دعوت دی اور خبردار کیا کہ اگر جلد مناسب اصلاحات اور رہنمائی نہ کی گئی تو ریاست کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ جسٹس ایسوسی ایشن کے چئیرمین سردار محمد اقبال خان نے اپنے وفد کی جانب سے تحریک عوام پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور زور دیا کہ پاکستان کے نوے فیصد عوام کے آٹھاٹہ حقوق کی بحالی اور چند خاندانوں کی حکمرانی کے خاتمے کا وقت نزدیک ہے، اسی عزم کے تحت تحریک عوام کے ذریعے ایک پرامن انقلاب برپا کر کے عوامی حقِ حکمرانی کو بحال کیا جائے گا۔

ملاقات کے شرکا نے آئندہ لائحہ عمل مرتب کرنے اور ملک گیر عوامی مہم کو منظم انداز میں آگے بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ سیاسی و سماجی رہنماوں کی شرکت اس تحریک کے فروغ اور مستقل مزاجی کی ضمانت قرار پائی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات