وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کینسرعلاج کا نیا طریقہ متعارف کردیا

جمعرات 18 ستمبر 2025 22:46

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کینسرعلاج کا نیا طریقہ متعارف کردیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین سے منگوائی گئی جدید مشینری کے ذریعے صوبے میں کینسر کے مریضوں کے علاج کے لیے انقلابی طریقہ علاج کوآبلیشن کا آغاز کر دیا۔ یہ جدید ٹیکنالوجی نہ صرف پاکستان بلکہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار متعارف کرائی گئی ہے۔ افتتاحی تقریب میو ہسپتال لاہور میں منعقد ہوئی جہاں وزیراعلیٰ نے پنجاب کے پہلے کوآبلیشن کینسر علاج مرکز کا افتتاح کیا۔

اس نئی مشینری کے ذریعے کینسر کا علاج اب کیموتھراپی یا سرجری کے بغیر ممکن ہوگا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی لمحہ ہے کیونکہ اب ہمارے مریضوں کو چین کے ماہرین کی جدید ترین اور محفوظ سہولت میسر ہوگی جس میں مریض کو کم تکلیف ہوگی اور تندرستی کا عمل بھی تیز ہوگا۔

(جاری ہے)

ماہرین کے مطابق کوآبلیشن میں بجلی کی حرارت سے متاثرہ ٹشوز کو جلایا جاتا ہے، جس سے ٹیومرز ختم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

یہ طریقہ جگر اور چھاتی کے کینسر کے علاج میں مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔ میو ہسپتال کے ڈاکٹرز نے حالیہ دنوں میں پھیپھڑوں اور چھاتی کے کینسر کے مریضوں کا کامیاب علاج کیا ہے۔سینئر ڈاکٹرز نے اس نئی سہولت کو کینسر کے علاج میں بڑی پیشرفت قرار دیا ہے۔ ڈاکٹر عائشہ احمد کا کہنا تھا کہ یہ انقلابی قدم پاکستان میں کینسر کے علاج کے امکانات کو بدل کر رکھ دے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب حکومت مستقبل میں اس مرکز کو مزید وسعت دے کر صوبے کے دیگر شہروں میں بھی جدید سہولیات فراہم کرے گی تاکہ کینسر کے علاج میں ایک نئی روشنی کی کرن لائی جا سکے۔