نسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں ماحولیاتی تبدیلی اور پلاسٹک آلودگی کے موضوع پر سیمینار منعقد

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) دی نیٹ ورک فار کنزیومر پروٹیکشن کے زیر اہتمام نسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں ماحولیاتی تبدیلی اور پلاسٹک آلودگی کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد ہوا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب، شازیہ رضوان مہمانِ خصوصی تھیں۔ شازیہ رضوان نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کو موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ پلاسٹک کی اشیاء بالخصوص سنگل یوز پلاسٹک نہ صرف انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں بلکہ ماحولیاتی نظام کے لیے بھی بڑا خطرہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے پلاسٹک مصنوعات کے بے جا استعمال پر پابندی عائد کی ہے اور اس کے نفاذ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت ماحول دوست پالیسیوں کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب نے پہلی بار کلائمیٹ پالیسی اور کلائمیٹ ریزیلینٹ پنجاب ویژن اینڈ ایکشن پلان نافذ کیا ہے جو ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے پنجاب میں انوائرمنٹل پروٹیکشن فورس قائم کی گئی ہے، جبکہ پلاسٹک مینجمنٹ سیل کے ذریعے سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی اور پلاسٹک بنانے اور فروخت کرنے والوں کی آن لائن رجسٹریشن کا نظام متعارف کروایا گیا ہے۔

سیکرٹری اطلاعات نے مزید بتایا کہ سموگ جیسے مسائل کے مستقل حل کے لیے گاڑیوں کی امیشن ٹیسٹنگ سرٹیفیکیشن کا جدید نظام رائج کیا جا رہا ہے اور صوبے بھر میں 50 ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشن نصب کیے گئے ہیں۔ اسی طرح 2000 سے زائد صنعتی یونٹس میں امیشن کنٹرول سسٹمز لگائے گئے ہیں اور تمام اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی شمولیت کے بغیر ماحولیاتی مسائل پر قابو پانا ممکن نہیں۔ اسی مقصد کے لیے حکومت نے وزیراعلیٰ گرین کریڈٹ پروگرام، گرین پنجاب ایپ اور 1317 ہیلپ لائن متعارف کرائی ہے تاکہ شہری شجرکاری، ری سائیکلنگ اور ای بائیکس کے فروغ میں کردار ادا کریں اور انہیں مالی فوائد بھی حاصل ہوں۔شازیہ رضوان نے کہا کہ ای بسوں کے منصوبے، جاپان کے ماحولیاتی ماڈلز سے استفادہ اور ماحول دوست پالیسیوں کا تسلسل پنجاب کو صاف اور سرسبز بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صاف نیت اور مسلسل جدوجہد ہی مسائل کے حل کی کنجی ہے اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے یہ ثابت کیا ہے کہ ماحولیات کے چیلنجز سے نمٹنا ناممکن نہیں۔