چیف الیکشن کمشنر 'ووٹ چوروں'کو بچا رہے ہیں، راہل گاندھی

جمعہ 19 ستمبر 2025 00:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) بھارت میں کانگریس پارٹی کے لیڈر اورلوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمارپر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ "ووٹ چوروں"اور جمہوریت تباہ کرنے والے لوگوں کوبچا رہے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راہل گاندھی نے نئی دلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انتخابات سے قبل کانگریس کے حامیوں کے ووٹوں کو منظم طریقے سے حذف کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو اس سلسلے کو روکنا چاہیے اور ووٹروں کو حذف کرنے کی تحقیقات میں کرناٹک سی آئی ڈی کی طرف سے طلب کی گئی معلومات کو ایک ہفتہ کے اندر فراہم کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں راہل گاندھی کی یہ دوسری خصوصی پریس کانفرنس ہے جس میں انہوں نے بھارت انتخابی عمل کی شفایت پر سوال اٹھایا اور دعویٰ کیا کہ 2023کے انتخابات میںکرناٹک کے الندحلقے میں پولنگ بوتھوں سے کانگریس کے امیدوار کے حق میں میں ڈالے گئے 6ہزار سے زائد ووٹوں کو حذف کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ایک ماہ قبل بھی راہل گاندھی نے دعوی کیا تھا کہ مہادیو پورہ کے حلقے میں کانگریس کے ووٹ چوری ہوئے ہیں۔انہوں نے مہاراشٹر کے راجورا حلقہ کی مثال بھی پیش کی جہاں خودکار سافٹ ویئر کا استعمال کرتے ہوئے کانگریس کے امیدوار کے خلاف دھوکہ دہی سے ووٹ ڈلوائے گئے تھے ۔راہل گاندھی نے دعوی کیا کہ کانگریس کے ووٹوں کو حذف کرنے کا سلسلہ ہر جگہ جاری ہے ۔