عالمی ایوانوں میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے میں بیرونِ ملک کشمیریوں نے ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کیا، سیدیوسف نسیم

جمعہ 19 ستمبر 2025 15:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں کشمیری شخصیات کے اعزاز میں پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سینئر حریت رہنما محمود احمد ساغر کی زیر صدارت تقریب کے شرکا نے چیئرپرسن برٹش کشمیر کونسل فار ویمن و رکن برمنگھم سٹی کابینہ کونسل سائمہ سلیمان اور بانی رکن تحریکِ کشمیر برطانیہ خواجہ سلیمان کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماسیدیوسف نسیم نے اپنے خطاب کہا کہ کشمیری شخصیات تحریک آزادی کشمیر کا ایک لازمی ستون ہیں، جو دنیا کے ہر بڑے فورم پر مظلوم کشمیری عوام کی ترجمانی کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی ایوانوں میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے اور دنیا کی رائے عامہ کو بیدار کرنے میں بیرونِ ملک کشمیریوں نے ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ سائمہ سلیمان اور خواجہ سلیمان اس جدوجہد کی روشن مثال ہیں جنہوں نے اپنی توانائیاں اور صلاحیتیں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت میں وقف کر رکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سائمہ سلیمان نے برطانیہ اور یورپ میں کشمیری خواتین کے مسائل اور ان کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لئے جو کوششیں کی ہیں وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔

سید یوسف نسیم نے خواجہ سلیمان کی خدمات کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے برطانیہ اور یورپ میں تحریکِ کشمیر کی تنظیمی بنیادوں کو استوار کیا، مختلف کشمیری و پاکستانی تنظیموں کو یکجا کیا اور یورپی پارلیمان، انسانی حقوق کی انجمنوں اور عالمی میڈیا میں کشمیر کے مسئلے کو موثر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام بدترین بھارتی ریاستی ظلم وتشدد، جبری گرفتاریوں، ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا شکار ہیں۔

بھارت نے پوری وادی کشمیر کو ایک عقوبت خانے میں بدل دیا ہے لیکن کشمیری عوام کے حوصلے اور عزم کو شکست نہیں دے سکا۔سید یوسف نسیم نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا تاریخی دفاعی معاہدہ ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ خواجہ سلیمان اور سائمہ سلیمان نے اپنے خطاب میں کہا کشمیری عوام کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لئے دی گئی قربانیوں کو ہر گز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اورکشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا اور ان شا اللہ پاکستان کا حصہ بنے گا۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام جلد ہی بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرلیں گے۔ تقریب کے دیگر مقررین نے معزز مہمانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار کشمیری عوام کے حوصلے بلند کرنے اور عالمی ضمیر کو بیدار کرنے میں ایک سنگِ میل ہے۔تقریب میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمائوں ذاکر حسین ،شیخ عبد المتین، دائود خان، نثار مرزا، حاجی محمد سلطان، زاہد صفی، راجہ شاہین، امتیاز وانی، اعجاز رحمانی، محمد شفیع ڈار، عبدالمجید لون، عبدالماجد شیخ، عدیل مشتاق، زاہد مجتبیٰ، محمد اشرف ڈار، سید گلشن، منظور ڈار، نذیر کرنائی، افسر خان، بشیر عثمانی، نعیم الاسد اور مشتاق احمد بٹ اوردیگر نے شرکت کی ۔