پاکستانی خواتین پاک سعودیہ معاہدے کو مستقبل کی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت سمجھتی ہیں،ریحانہ خان

جمعہ 19 ستمبر 2025 16:22

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء) چیئرپرسن وویمن کمیشن آزاد جموں و کشمیر محترمہ ریحانہ خان نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کو تاریخ ساز اور وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کے استحکام اور تحفظ کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

ریحانہ خان نے کہا کہ اس معاہدے کی کامیابی کا سہرا وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور پاک فوج کے سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر کے سر ہے، جنہوں نے جرات مندانہ قیادت اور دور اندیش فیصلوں سے پاکستان کو ایک بار پھر دنیا میں ایک مضبوط دفاعی قوت کے طور پر منوایا ہے۔انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین اور سعودی عرب کی مقدس سرزمین کا دفاع اہلِ پاکستان کے لیے باعثِ اعزاز ہے، اور یہ معاہدہ آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ اور روشن مستقبل فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

ریحانہ خان نے کہا کہ پاکستانی خواتین اس تاریخی معاہدے پر فخر محسوس کرتی ہیں کیونکہ یہ نہ صرف پاکستان کی دفاعی طاقت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ امت مسلمہ کے اتحاد کی بھی ضمانت ہے۔ انہوں نے وزیراعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اس جرات مندانہ فیصلے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان کا وقار بڑھایا ہے۔