وزیراعظم شہبازشریف اورفیلڈ مارشل عاصم منیر نے امت مسلمہ کے دفاع کو نئی طاقت بخشی،شمیم علی ملک

جمعہ 19 ستمبر 2025 16:22

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس ضلع نیلم کی صدر و سابق وزیر حکومت شمیم علی ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا تعاون معاہدہ وقت کی اہم ترین ضرورت اور امتِ مسلمہ کے دفاع کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس تاریخی معاہدے کا سہرا وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور پاک فوج کے سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جاتا ہے، جن کی بصیرت افروز قیادت اور جرات مندانہ فیصلوں نے پاکستان کو دنیا میں ایک بار پھر مضبوط دفاعی قوت کے طور پر اجاگر کیا ہے۔

(جاری ہے)

شمیم علی ملک نے کہا کہ حرمین شریفین اور سعودی عرب کی مقدس سرزمین کے دفاع کو پاکستانی عوام اپنی ایمانی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ یہ معاہدہ نہ صرف دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام خصوصاً خواتین اس معاہدے پر فخر محسوس کرتی ہیں، کیونکہ اس سے امت مسلمہ کے اتحاد اور طاقت میں اضافہ ہوگا۔ شمیم علی ملک نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ خطے میں امن و استحکام اور دشمنوں کے عزائم کے سامنے ایک مضبوط دیوار ثابت ہوگا۔