Live Updates

تنظیم تاجران کے کابینہ کیلئے مشاورت فیصلہ کن مرحلے میں داخل، جلد نمائندہ صوبائی کابینہ کا اعلان کیا جائیگا، مرکزی ترجمان کاشف حیدری

جمعہ 19 ستمبر 2025 19:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے مرکزی ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ صوبے میں تاجروں کو ایک منظم اور متحد پلیٹ فارم دینے کے لیے مشاورت فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور بہت جلد نمائندہ صوبائی کابینہ کا اعلان کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے کراچی کے دورے پر مختلف تاجر رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

کاشف حیدری نے کہا کہ تنظیم تاجران پاکستان بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تاجر برادری سے براہِ راست مشاورت کر رہی ہے تاکہ صوبائی کابینہ محض نمائشی نہ ہو بلکہ حقیقی معنوں میں مؤثر اور متوازن ڈھانچہ تشکیل پائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تاجر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بھاری ٹیکسوں، شرحِ سود اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں مگر حکومت کی طرف سے ان مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات دیکھنے میں نہیں آ رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے اعلان کے ساتھ ہی ایک جامع حکمت عملی اور چارٹر آف ڈیمانڈ بھی پیش کیا جائے گا جس میں ٹیکسوں کی اصلاحات، توانائی بحران پر قابو پانے، تاجر دوست بجٹ اور مارکیٹ کے استحکام کے نکات شامل ہوں گے۔ کاشف حیدری نے کہا کہ تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں لیکن ان کے ساتھ مسلسل ناانصافیاں کی جا رہی ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ ان کی آواز کو نظر انداز کرنے کا سلسلہ بند ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات نہ کیے تو مرکزی تنظیم تاجران پاکستان احتجاجی لائحہ عمل اپنانے پر مجبور ہو گی۔ کاشف حیدری نے کہا کہ بلوچستان میں کابینہ کا اعلان محض ناموں کی فہرست جاری کرنے تک محدود نہیں ہوگا بلکہ تاجروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے جائز مقام کے حصول کے لیے نئی تاریخ رقم کرے گا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات