Live Updates

۳صحافی برادری میری فیملی کی طرح ہے اور ان کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے،کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور

ہفتہ 20 ستمبر 2025 21:55

ًفیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2025ء) صحافی برادری میری فیملی کی طرح ہے اور ان کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔ یہ بات کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انورنے سینئر صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔جس میں صحافیوں نے صحافی کالونی سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ کمشنر فیصل آباد نے یقین دلایا کہ صحافی کالونی کے مسئلہ کے حل کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کا جلد اجلاس بلایا جائے گا۔

کمشنر نے وفد کو ڈویژن میں حالیہ سیلاب کے نقصانات اور ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے 10 لاکھ افراد متاثر ہوئے جبکہ 550 موضع جات کو شدید نقصان پہنچا۔ 184 سڑکیں، 219 سکولز اور 23 ہیلتھ فسیلٹیز متاثر ہوئیں۔ کمشنر نے بتایاکہ ریسکیو آپریشنز میں پاک فوج کی 9 کمپنیوں نے دن رات خدمات انجام دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں 80 فیصد بجلی بحال کر دی گئی ہے۔مزید برآں کمشنر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تعین کے لئے کمیٹی قائم کی گئی ہے جو 30 دن کے اندر ڈویژن بھر میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگا کر رپورٹ پیش کرے گی۔ مستقل بنیادوں پر سیلاب سے بچاؤ کے لئے چنیوٹ میں ڈیم کے قیام کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

شہری ترقی کے منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ فیصل آباد کی سڑکوں کی بحالی، گھنٹہ گھر اور ملحقہ بازاروں کو خوبصورت بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ پہلے مرحلے میں 11 سڑکوں کو بحال اور خوبصورت بنایا جا رہا ہے جبکہ فیصل آباد کے لئے ایک جامع ماسٹر پلان بھی تشکیل دیا جا رہا ہے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز شامل کی جائیں گی
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات