ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کیڈٹ کالج پلندری کا دورہ

اتوار 21 ستمبر 2025 11:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کیڈٹ کالج پلندری کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے کالج کے طلبا و اساتذہ سے خصوصی نشست میں شرکت کی۔ اس موقع پر کالج کے ہال میں منعقدہ تقریب میں شرکا نے افواجِ پاکستان کو وطن عزیز کے دفاع، استحکام اور امن کے قیام کے لیے دی گئی قربانیوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے شرکا کے سوالات کے مدلل اور مفصل جوابات دیے، جس پر طلبا و اساتذہ نے اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی گفتگو نے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع فراہم کیا۔ پرنسپل کیڈٹ کالج پلندری نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو اور عزم نے طلبا کے حوصلے مزید بلند کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

شرکا نے زور دیا کہ بطور ذمہ دار شہری، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تحقیق اور تصدیق لازمی ہے تاکہ دشمن کی پروپیگنڈہ مہم کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو اسے ایک بار پھر ہزیمت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تقریب میں موجود کشمیری طلبا اور اساتذہ نے بھرپور جذبے سے کہا کہ بطور کشمیری اُن کا پختہ ایمان ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان و کشمیر کو کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔ اُنہوں نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے اس فرمان کا اعادہ کیا کہ "کشمیر پاکستان کا حصہ تھا، ہے اور رہے گا"۔

شرکا نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو سے نہ صرف دفاع وطن میں پاک فوج کے کردار اور قربانیوں کو جاننے کا موقع ملا بلکہ قوم کے جذبہ حب الوطنی کو بھی نئی توانائی ملی۔تقریب کے اختتام پر کیڈٹ کالج پلندری کے پہلے شہید، میجر رب نواز طارق کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ وہ تمام شہدا ہماری قوم کا فخر ہیں۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر قسم کی بھارتی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دفاعِ وطن کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔