پاکستان اور سعودی عرب نے دفاعی تعاون کے نئے باب کا آغاز کیا،ملک امیر کابل

اتوار 21 ستمبر 2025 16:50

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)صدر اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل کشمیر فورم لندن ملک امیر کابل نے پاک سعودی دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے دفاعی تعاون کے نئے باب کا آغاز کیا۔ملک امیر کابل نے خادم الحرمین شریفین،وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو سلام تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کا ہر فرد حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے تیار ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب اسلام اور امن کی مشترکہ طاقت ہیں اور ان کا اتحادناقابلِ شکست ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن وسلامتی کے فروغ کے لیے تاریخی اقدام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امتِ مسلمہ کی واحد امید پاکستان ہے اور یہ ہر قیمت پر امت کا دفاع اور تحفظ یقینی بنائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت پاکستان کے لیے بڑی سعادت ہے اور مشترکہ دفاعی معاہدے میں تمام اسلامی ممالک کو شامل کرکے نیٹو طرز کا اسلامی بلاک تشکیل دینا چاہیے۔

یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے لیے امن،ترقی اور خوشحالی کا نیا باب ثابت ہوگا اور مسلم ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دے گا معاہدے سے پاکستان اور سعودی عرب کا مستقبل بہتر ہوگا اور پاکستان نے بھارت کو چند گھنٹوں میں شکست دے کر اپنی قوت ثابت کی اور بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا بھارت کو معرکہ حق کے دوران 6.0 سے شکست رہتی دنیا تک یاد رہے گی۔