حکومت بلوچستان ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،صوبائی وز

اتوار 21 ستمبر 2025 17:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما و صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹوز بلوچستان میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ باب بلوچستان کی نئی تعمیر نہ صرف حب شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گی بلکہ صوبے کی نمائندگی کرنے والی ایک شاندار یادگار بھی بنے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےدورہ حب کے دوران باب بلوچستان کے زیر تعمیر منصوبے کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی مشیر برائے ماحولیات نسیم الرحمان بھی ہمراہ موجود تھے۔ میر علی حسن زہری نے باب بلوچستان منصوبے کے تحت جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حب میں باب بلوچستان کو گرانے کے بعد ماسٹر پلان کے تحت نئے سرے سے تعمیراتی کاموں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر دورے کے دوران متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر کو منصوبے کے مختلف پہلووں اور تعمیراتی ڈیزائن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ماسٹر پلان کے مطابق باب بلوچستان کو جدید طرزِ تعمیر کے مطابق دوبارہ تعمیر کیا جا رہا ہے تاکہ یہ حب اور بلوچستان کی پہچان کے طور پر مزید شاندار انداز میں نمایاں ہو سکے۔صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ باب بلوچستان صرف ایک گیٹ نہیں بلکہ صوبے کی شناخت اور ثقافتی ورثے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور جو بھی ادارہ یا ٹھیکیدار اس منصوبے پر کام کر رہا ہے وہ مکمل ذمہ داری اور ایمانداری سے اپنی خدمات انجام دے۔