}پاکستان کی سفارت کاری اس وقت اپنے عروج پر ہے، جعفر خان مندوخیل

اتوار 21 ستمبر 2025 20:00

-کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2025ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان کی سفارت کاری اس وقت اپنے عروج پر ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان کے امریکہ، چین، مغربی ممالک اور خلیجی ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں تاہم پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان نئے دفاعی معاہدے نے عالمی سطح پر ہلچل مچا دی ہے۔ پاکستان دنیا کا واحد ایٹمی طاقت رکھنے والا مسلم ملک ہی. اس دفاعی معاہدہ کے بعد ایک طرف اگر سعودی عرب کو مکمل تحفظ حاصل ہوا تو دوسری جانب پاکستان معاشی طور پر مزید مستحکم ہوگا. اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے، کسی بھی جارحیت کے خلاف ان کے اجتماعی دفاع اور سلامتی کو مضبوط بنانا ہی. اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک میں سے کسی ایک پر حملہ دونوں پر حملہ تصور کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

یہ معاہدہ ان کے مشترکہ سٹریٹجک مفادات اور قریبی دفاعی تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پچھلے آٹھ عشروں کی تاریخی شراکت داری، اخوت اور اسلامی یکجہتی سے جڑا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کو حالیہ جنگ میں صرف تین دن کے اسے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا جس کے نتیجے میں پاکستان کا امیج عالمی سطح پر ابھر کر سامنے آیا. گورنر مندوخیل نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ دراصل مکہ اور مدینہ کے مقدس مقامات کے دفاع کیلئے حفاظتی عزم ان کے اتحاد کی بنیاد کے طور پر کام کرتا ہے جو ایک لازوال دوستی کی مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سعودی پاکستان دفاعی معاہدہ ایک وسیع معاہدے کی بنیاد بن سکتا ہے جس میں ممکنہ طور پر دیگر خلیجی ممالک بھی شامل ہونگے، قطر پر حالیہ حملوں کے بعد اسرائیل نے خود براہِ راست سب مسلم ممالک بالخصوص عرب ممالک کیلئے خطرہ ثابت کر دیا ہے۔ اس ضمن میں قطر پر اسرائیل کے حملے کے بعد پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہو چکا ہے اور مسلم ممالک کی تمام تر امیدیں پاکستان ہی وابستہ ہو چکی ہیں. گورنر مندوخیل نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی پوری ٹیم اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے اقدامات کے ذریعے پاکستان کی ذمہ داری کو ثابت کیا ہے، پاکستان کی صلاحیتوں اور تجربے کیلئے مسلم ممالک کے سب سے بااثر ملک سے پہچان حاصل کی ہے اور اس کے بین الاقوامی قد میں بیتحاشا اضافہ کیا ہے۔