مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری

پیر 22 ستمبر 2025 15:03

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوسز نے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اورلوگوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے کشتواڑ کے علاقے کیشوان میں مسلسل دوسرے روز بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔

بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کے اہلکار ضلع میں خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کے دوران فائرنگ کی زد میں آگئے۔بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز، پیراملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروںنے ضلع پونچھ کے متعدد علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر آپریشن جاری رکھاجن میں گرجن گلی تنہ، گودری آنند کرو، اپر بنی کھیت، نادیان ڈھوک، مرہ اور نادیلی سم سرنکوٹ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت فوج نے مینڈھرکے علاقوں بوری محلہ، جوگی محلہ، جٹاں محلہ چھجلا اور بنولا بالاکوٹ اورگورسائی کے علاقوں شاہ پور، لوہاریکا، سنگیوٹے اور گرسائی موڑ کے علاوہ لوئر ساوجیاں اور ملحقہ علاقوںمنڈی اور گنٹریان میں بھی اپنی کارروائیاں جاری رکھیں۔ دریں اثناء فوجیوں نے ضلع ادھم پور کے علاقے بسنت گڑھ میں سیوج دھر اور ڈوڈہ کے علاقے بھدرواہ میں بھی آج مسلسل چوتھے روز محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔

جمعہ کو سیوج دھر میں ایک حملے میں بھارتی فوج کاایک اہلکاربلدیو چند ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔بھارتی فوج اورپیراملٹری بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے ضلع کپواڑہ کے علاقوں ماور ہندواڑہ اور نوگام میں آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔بی ایس ایف نے ضلع جموں میں آر ایس پورہ کے علاقے ججوال اور ملحقہ علاقوں میں آج تیسرے دن بھی تلاشی مہم جاری رکھی۔

محاصرے اور تلاشی کی یہ کارروائیاں کالے قوانین کی آڑ میں کی جاتی ہیں جن کے تحت بھارتی فورسز کو بے پناہ اختیارات اور استثنیٰ حاصل ہے اوروہ بغیر کسی جوابدہی کے لوگوں کو ہراساں ، گرفتار، پوچھ گچھ اور یہاں تک کہ ماورائے عدالت قتل کرسکتے ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں اس طرح کی کارروائیاں بھارتی فورسز کا معمول بن چکی ہیں جس سے لوگ خوف ودہشت کا شکار ہیں۔

مودی حکومت کے امن اور حالات معمول کے مطابق ہونے کے دعوئوں کے باوجودبھاری تعداد میں بھارتی فوجیوں کی موجودگی اور ظالمانہ کارروائیاں زمینی حقائق کو بے نقاب کرتی ہیں جہاں لوگ عدم تحفظ اور خوف ودہشت کا شکارہیں۔ ان اقدامات کا مقصد منظم طریقے سے کشمیریوں سے ان کے بنیادی حقوق اور آزادیاںچھیننا ہے جس سے مقبوضہ علاقے میں انسانی اور سیاسی بحران مزید گہرا ہوتا جارہاہے۔