پاکستان مائیکروفنانس نیٹ ورک کے زیر اہتمام نویں سالانہ مائیکروفنانس کانفرنس 7اکتوبر سے کراچی میںشروع ہوگی

پیر 22 ستمبر 2025 18:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) پاکستان مائیکروفنانس نیٹ ورک اور اقوام متحدہ کےادارے برائے صنعتی ترقی کے زیر اہتمام نویں سالانہ مائیکروفنانس کانفرنس 7سے 9اکتوبر کو کراچی میں ہوگی ۔پاکستان مائیکروفنانس نیٹ ورک کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کےادارے براے صنعتی ترقی ( UNIDO) اور سندھ کے دیہی علاقوں میں غربت کے خاتمے اور جامع ترقی (PAIDAR) کے اشتراک سے سالانہ مائیکروفنانس کانفرنس (AMC)کے نویں ایڈیشن کا انعقاد 7سے 9اکتوبر کو کراچی میں ہوگا۔

Renaissance of Microfinance کے موضوع پر سالانہ مائیکروفنانس کانفرنس میں صنعتی ماہرین، پالیسی ساز، ریگولیٹرز بشمول اسٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی) اور ایکس چینج کمیشن آف پاکستان ( ایس ای سی پی)، ترقیاتی شراکتدار بشمول عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک اورجدت کار شریک ہوں گے جو مائیکروفنانس کے شعبہ کی ازسر نو تشکیل اور جامع اور پائیدار ترقی میں اس شعبہ کے کردار کو مضبوط بنانے کے اسٹریٹجک راستے تلاش کریں گے۔

(جاری ہے)

سالانہ مائیکروفنانس میں شعبہ کے رہنمائوں اور عالمی ماہرین کے کلیدی خطابات اور پینل بحث ومباحثہ ہوں گے جس میں پالیسی ، جدت، خطرات اور رسائی میں اہم مسائل کی نشاندہی پر سیر حاصل گفتگو کی جائے گی اور مالیاتی شمولیت کے شعبہ میں اہم اسٹک ہولڈرز کے درمیان روابط کیلئے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔پاکستان مائیکروفنانس نیٹ کے چیئرمین عامر خان اور یونیڈو کے نمائندہ احسان گیلانی نے کانفرنس کے بارے میں بتایا کہ کانفرنس گزشتہ دو دہائیوں کی کامیابیوں اور حاصل کیے گئے اسباق پر نہ صرف روشنی ڈالے گی بلکہ پاکستان میں میکروفنانس کے مستقبل کی ازسرنوتشکیل کیلئے ایک قومی پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔

جدت کو اپنانے، شراکت داریوں کو مضبوط کرنے اور شمولیت کیلئے عزم کے ذریعے یہ شعبہ ملک میں معاشی تبدیلی، سماجی انصاف اور پائیدار ترقی کا محرک ثابت ہوسکتا ہے۔ کانفرنس میں زرعی اور دیہی مالیات، ماحولیاتی خطرات اور ان کے مطابق ڈھلنے کی حکمتِ عملی، خواتین کی مالی شمولیت، ایس ایم ایز اوردیہی اداروں میں مالی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے بلینڈڈ فنانس کی اہمیت، مائیکروفنانس اداروں اور فِن ٹیک کمپنیوں کے درمیان انضمام اور جامع بیمہ سمیت اہم موضوعات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

کانفرنس شمولیت، پائیدار اور ڈیجیٹل حکمت عملیوں کے ذریعے مائیکروفنانس کے احیا نو کیلئے مشترکہ روڈ مپ فراہم کرے گی۔ اختراعات اور ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی غرض سے ریگولیٹری اداروں اور حکومتی اسٹیک ہولڈرز کے لیے پالیسی سفارشات اور مائیکروفنانس اداروں، کمرشل بینکوں، فِن ٹیک کمپنیوں اور ترقیاتی اداروں کے درمیان موثر حل کو وسعت دینے کے لیے عزم اور شراکت داری کے فروغ کی اہیت پر زور دے گی۔ اس کے علاوہ اے ایم سی9کا مقصد مائیکروفنانس فراہم کنندگان ، کمرشل بینکوں، فِن ٹیک کمپنیوں اور ترقیاتی شعبے کے شراکت داروں کے درمیان نئی شراکت داریاں قائم کرنا ہے تاکہ پورے شعبے میں موثر حل کو وسعت دی جا سکے۔