Live Updates

پاکستان و جنوبی افریقا ایک روزہ میچز، نندی پور کی مٹی سے 9 پچز تیار

منگل 23 ستمبر 2025 16:46

پاکستان و جنوبی افریقا ایک روزہ میچز، نندی پور کی مٹی سے 9 پچز تیار
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) فیصل آباد میں پاکستان اور جنوبی افریقاکے مابین 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے پچوں کی تیاری کا کام شروع کردیا گیا، میچز کیلئے 9 پچز تیار کی جائیں گی۔ نومبر میں پاکستان اور جنوبی افریقاکے مابین 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کیلئے گراؤنڈ اور خصوصاً پچوں کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔

متعلقہ حکام نے بتایا کہ پاکستان اور جنوبی افریقاکی ٹیموں کے مابین نومبر میں 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی ۔ میچز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی ہدایت پر انٹرنیشنل کرکٹ کے معیار کی پچز تیار کی جارہی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ مجموعی طور پر 9 پچز تیار کی جارہی ہیں جن پر پریکٹس سیشن اور میچز کا انعقاد ہوگا۔

(جاری ہے)

پچز کو خصوصی طور پر نندی پور سے مٹی منگوا کر تیار کیا گیا ہے جو گراسی ہیں، حکام نے مزید بتایا پچز بلے بازوں اور باؤلرز دونوں کو سپورٹ کریں گی۔

فیصل آباد کی عوام اور عالمی کرکٹ شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔جنوبی افریقاکے خلاف ایک روزہ سیریز کے تینوں میچز 4، 6 اور 8 نومبر کو اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے۔ فیصل آباد میں 17 برس بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہو گی۔ اپریل 2008 میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ون ڈے میچ کھیلا گیا تھا۔ پاکستان نے اس میچ میں بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز اکتوبر اور نومبر میں کھیلی جائے گی، ٹیسٹ اور ٹی 20 میچز کی میزبانی لاہور اور راولپنڈی کے وینیوز کریں گے، جبکہ ون ڈے سیریز کے تینوں میچز فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے۔پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل سیریز کا پہلا میچ 12 سے 16 اکتوبر تک قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔سیریز کا دوسرا میچ 20 سے 24 اکتوبر کے دوران راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ٹی 20 سریز کا پہلا میچ روالپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 28 اکتوبر کو شیڈول ہے جبکہ سیریز کے بقیہ 2 میچز 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات