Live Updates

روی چندرن ایشون بی بی ایل اور آئی ایل ٹی 20 دونوں میں کھیلنے کے لئے تیار

منگل 23 ستمبر 2025 17:39

روی چندرن ایشون بی بی ایل اور آئی ایل ٹی 20 دونوں میں کھیلنے کے لئے  تیار
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) بھارت کے مایہ ناز سپنر روی چندرن ایشون روان سال کے اختتام پر دو بڑی لیگوں بگ بیش لیگ (بی بی ایل)اور انٹرنیشنل لیگ (آئی ایل )ٹی ٹونٹی میں ایک ساتھ شرکت کے لیے تیار ہیں۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 39سالہ روی چندرن ایشون نے آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کے بعد اب بین الاقوامی لیگز میں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی اجازت بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی )صرف ریٹائرڈ کھلاڑیوں کو دیتا ہے۔

روی چندرن ایشون نے انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے لیے یکم اکتوبر کو ہونے والی نیلامی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے جبکہ آسٹریلیا کی بی بی ایل کی چار ٹیموں سڈنی سکسرز، سڈنی تھنڈر، ہوبارٹ ہریکینز اور ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کی جانب سے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

وہ ان ٹیموں میں سے کسی ایک کے ساتھ جلد معاہدہ کر سکتے ہیں۔روی چندرن ایشون کے لئے سب سے بڑا چیلنج دونوں ٹورنامنٹس کے شیڈول کو متوازن رکھنا ہوگا، کیونکہ انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 یکم دسمبر سے 4 جنوری تک جبکہ بی بی ایل 14 دسمبر سے 25 جنوری تک جاری رہے گی۔

امکان ہے کہ وہ پہلے انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 میں شرکت کریں گے اور بعد ازاں آسٹریلیا روانہ ہوں گے، جہاں ان کی دستیابی محدود ہوگی۔روی چندرن ایشون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں نے انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کی نیلامی کے لیے رجسٹریشن کروا دی ہے، امید ہے کوئی فرنچائز مجھے منتخب کرے گی۔بی بی ایل کے حوالے سے انہوں نے فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا، لیکن قوی امکان ہے کہ جلد معاہدہ طے پا جائے گا۔علاوہ ازیں، ایشون مستقبل میں میجر لیگ کرکٹ (یوایس اے )یا دی ہنڈریڈ (یوکے) میں بھی ایکشن میں نظر آ سکتے ہیں، جن کے لیے وہ ابتدائی رابطے میں ہیں۔یہ پہلا موقع ہوگا جب ایشون بھارتی کرکٹ سے باہر کسی غیر ملکی لیگ میں باضابطہ شرکت کریں گے، جو ان کے کیریئر کے لئے نیا باب ثابت ہو سکتا ہے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات