Live Updates

پی ٹی آئی کی جیت عوام کے جیت تصور ہوگی، ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان

کراچی میں ضمنی انتخابات عوام پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے،ووٹ پر کسی صورت میں بھی ڈاکہ ڈآلنے نہیں دیں گے،بہت جلد ملک بھر میں انصاف کی حکمرانی قائم ہوگی، رہنما تحریک انصاف کراچی

منگل 23 ستمبر 2025 17:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے رہنما اور امیدوار برائے وائس چیئرمین یوسی 8 بلدیہ ٹان ضلع کیماڑی ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے کہا ہے کہ بلدیہ ٹائون کی عوام پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے، بلدیاتی ضمنی انتخابات میں بلدیہ ٹان سمیت کراچی کی نشستیں پی ٹی آئی ہی جیتے گی، اور یہ جیت عوام کی جیت تصور ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے عام انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے پی ٹی آئی امیدواروں کو کامیاب کرایا تھا، لیکن ایک سازش کے تحت فارم 47 میں جعلسازی کرکے ہمارے 22 قومی اسمبلی اور 35 صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کو ہرایا گیا۔ بلدیہ ٹان سے منتخب ایم پی اے سربلند خان کو بھی عوام نے بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا تھا لیکن حلف اٹھانے کے کئی ماہ بعد دوبارہ گنتی کے نام پر عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا۔

(جاری ہے)

اس بار کسی قسم کی دھاندلی برداشت نہیں کی جائے گی، عوام اپنے ووٹ کی خود حفاظت کرے گی۔ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے کہا کہ کراچی پی ٹی آئی کا تھا اور رہے گا، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس کے پاس کراچی کا اصل مینڈیٹ ہے کیونکہ کراچی کے عوام عمران خان اور ان کے منشور پر یقین رکھتے ہیں۔ عمران خان ملک و قوم کے حقوق کے لیے حقیقی آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں، ان شا اللہ وہ وقت دور نہیں جب ملک میں امیر اور غریب سب کے لیے یکساں انصاف ہوگا اور انصاف کی حکمرانی قائم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے بلدیہ ٹائون یوسی 8 کے وائس چیئرمین کے لیے امیدوار نامزد کیا ہے، ان شا اللہ یہ نشست پی ٹی آئی کی ہے اور رہے گی۔ کامیابی کے بعد علاقے کے عوام کو درپیش تمام مسائل حل کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی مہم کے دوران یوسی 8 بلدیہ ٹائون کی عوام نے بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات