Live Updates

اللہ تعالیٰ کے قہر سے بے نیاز منصوبہ ساز مجھے ہدف بنا چکے ہیں، سلمان اکرم راجہ

ان کی شہ پر پارٹی کے اندر و باہر سازشیں اور میری کردار کشی کی مہم عروج پر ہے، بیوقوف نہیں سمجھتے کہ مجھے پارٹی سے کچھ نہیں لینا؛ سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 ستمبر 2025 11:33

اللہ تعالیٰ کے قہر سے بے نیاز منصوبہ ساز مجھے ہدف بنا چکے ہیں، سلمان ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے قہر سے بے نیاز منصوبہ ساز مجھے ہدف بنا چکے ہیں۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج صبح سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر کھڑا ہوں جہاں توشہ خانہ کا مقدمہ چل رہا ہے اور میں اس مقدمے میں عمران خان کا وکیل ہوں لیکن میرے بعد آنے والے وکیل جن کا مقدمے سے کوئی تعلق نہیں ہے وہ بغیر کسی روک ٹوک کے اندر جا چکے ہیں، کچھ دیر قبل سلمان صفدر نے اپنی گاڑی میں مجھے اندر لے کر جانا چاہا تو جواب آیا کہ راجہ صاحب کو اجازت نہیں۔

سلمان اکرم راجہ کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے قہر سے بے نیاز منصوبہ ساز مجھے ہدف بنا چکے ہیں، ان کی شہ پر پارٹی کے اندر اور باہر سازشیں اور میری کردار کشی کی مہم عروج پر ہے لیکن یہ بیوقوف نہیں سمجھتے کہ مجھے پارٹی سے کچھ نہیں لینا بلکہ غریب دشمن فسطائیت کے خلاف میری یہ مذاحمت تا حیات رہے گی، اس مقصد کے لیے کسی عہدے کی کوئی حیثیت نہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پیر کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ 9 مئی کے واقعات کے الزام میں گوجرانوالہ کی جیل میں دوران قید جاں بحق ہو جانے والے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن کی میت بھی ہتھکڑی لگا کر اہل خانہ کے حوالے کی گئی، مرحوم قاسم کھوکھر کی 3 دن پہلے جیل میں وفات ہوئی، ورثاء نے بتایا کہ لاش ہتھکڑیوں میں حوالے کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ مارچ 2024 ءمیں گوجرانولہ سے 51 لوگوں کو سزا ہوئی، اکثریت کسی ایف آئی آر میں نامزد نہ تھی، آج دن تک اُن کے خلاف کوئی چالان پیش نہیں ہوا، اُن کی فیملیز فریاد لے کر گوجرانولہ سے لاہور آئی ہیں کیوں کہ گوجرانوالہ جیل میں اُن کے ساتھ جو بیت رہی ہے، وہ دلخراش داستان اور ہمارے عدالتی و قانونی نظام پر سوالیہ نشان ہے، یہ سب انصاف کے نظام سے فریاد کررہے ہیں کہ آج تک سزاؤں کیخلاف اپیلیں کیوں نہیں سنی گئیں؟ میرا پوری قوم سے سوال ہے کہ آخر یہ ملک کس جانب بڑھ رہا ہے؟۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات