افغان سرزمین پردہشت گرد گروہوں کی موجودگی باعث تشویش

بدھ 24 ستمبر 2025 19:57

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2025ء) ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گروہ نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ افغان حکام سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ٹھوس، قابل تصدیق اور نتیجہ خیز اقدامات کریں۔

او آئی سی کے زیر اہتمام افغانستان کے حوالے سے رابطہ گروپ کے اہم اجلاس میں ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے افغانستان میں پائیدار امن، انسانی امداد، اور خطے میں روابط کے فروغ پر زور دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کو تنہائی کا شکار نہیں ہونے دینا چاہیے اور عالمی برادری کو بالخصوص اسلامی دنیا کو اس نازک وقت میں غیر مشروط انسانی امداد فراہم کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے افغانستان میں بینکاری اور تجارتی نظام کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اس سے افغان عوام کی مشکلات کم ہوں گی اور معیشت کو استحکام ملے گا۔ انہوں نے خطے میں رابطوں کے فروغ اور باہمی مکالمے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔ افغان سرزمین میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ گروہ نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

انہوں نے افغان حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ٹھوس، قابل تصدیق اور نتیجہ خیز اقدامات کریں۔ انہوں نے او آئی سی کے رکن ممالک کو تجویز دی کہ افغانستان کے استحکام کے لیے ماہرین پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے تاکہ مسئلے کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔انہوں نے زور دیا کہ افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے خلوص نیت، باہمی احترام اور سیاسی عزم بنیادی عناصر ہیں، جن کے بغیر امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کے کردار اور حمایت کا بھرپور اعادہ کیا۔