فیسکو نے صارفین کے شناختی کارڈ کے بارکوڈ کی سکیننگ اور درست موبائل نمبرکا ریکارڈ اکٹھا کرنا شروع کردیا

بدھ 24 ستمبر 2025 22:08

فیسکو نے صارفین کے شناختی کارڈ کے بارکوڈ کی سکیننگ اور درست موبائل ..
جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2025ء)حکومت پاکستان اور وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت پرفیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے صارفین کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کیاگیاہے جس کے تحت صارفین کو بہترین اور بروقت خدمات فراہم کرنے کیلئے ان کے شناختی کارڈ کے بارکوڈکی سکیننگ اور درست موبائل نمبر کا ریکارڈ اکٹھاکیاجارہا ہے۔

فیسکو کے اس اقدام کا بنیادی مقصد بجلی کے تمام کنکشنزکو ان کے حقیقی صارفین کے قومی شناختی کارڈکے ساتھ درست طریقے سے منسلک کرکے ایک قابل اعتماد اور قابل تصدیق کسٹمر ڈیٹا بیس قائم کرنا ہے جس سے فیسکوکی آپریشنل شفافیت کو تقویت ملے گی، صارفین کے کوائف کی درستگی ہوگی اور بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔

(جاری ہے)

فیسکو ترجمان انجینئر محمد سعید رضا نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر کی ہدایات پر فیسکو صارفین سے ان کے بجلی کنکشنز سے متعلق درست معلومات اور اعدادوشمار پرمبنی ریکارڈ اکٹھا کیاجارہا ہے جس میں صرف صارفین کے شناختی کارڈ کا بارکوڈ اسکین کیا جائے گااورفیسکو کے ریکارڈ میں ان کے درست موبائل نمبر ز کا اندراج کیاجائے گاانہوں نے اس مہم کے بنیادی مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس مہم سے فیسکو سسٹم میں صارفین کے درست شناختی کارڈز کے ریکارڈاور صارف کے بطور مالک مکان یاکرایہ دار کی حیثیت سے اندراج کو یقینی بنایاجاسکے گا۔

علاوہ ازیں صارفین بجلی کو میٹر ریڈنگ کی بروقت اور درست آگاہی،شٹ ڈاؤن شیڈول کے مطابق فیڈرز کی بندش کی آگاہی،صارفین کے ساتھ بہتر رابطہ اور بروقت سہولیات کی فراہمی سمیت بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور شکایات کا بروقت ازالہ بھی ممکن ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ یہ خصوصی مہم عوامی سہولت اور جدید خدمات کی بنیاد ہے۔انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بل کی ریڈنگ والے دن اپنا اصل شناختی کارڈ گھر پرچھوڑ کرجائیں تاکہ فیسکومیٹرریڈر کو بارکوڈ سکین کرنے میں دشواری نہ ہو۔

جبکہ فیسکوکے میٹر ریڈرہونے کی تصدیق کے بعد اسے مطلوبہ ریکارڈفراہم کریں اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو شناختی کارڈ ہرگز نہ دیں۔صارفین کاڈیٹا مکمل طور پر محفوظ اور خفیہ رکھا جائے گا۔صارفین اس خصوصی مہم میں فیسکو کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور فیسکو کی جدید سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔