یو این ڈی پی ریزیڈنٹ ریپریزنٹیٹیو ڈاکٹر سیموئیل رزک کی رمیش سنگھ اروڑہ سے ملاقات

بدھ 24 ستمبر 2025 23:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2025ء) یو این ڈی پی (UNDP) کے ریزیڈنٹ ریپریزنٹیٹیو ڈاکٹر سیموئیل رزک نے محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور لاہور میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر رزک نے پنجاب میں انسانی حقوق، اقلیتوں کے حقوق اور صنفی حساسیت پر مبنی امن سازی کے اقدامات کو آگے بڑھانے میں یو این ڈی پی کے ساتھ مسلسل شراکت داری پر وزیر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے حالیہ سیلاب کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع اور تباہی، بالخصوص ضلع نارووال میں گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور کو پہنچنے والے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سکھ و دیگر اقلیتی برادریوں کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ ملاقات میں انسانی حقوق کے تحفظ، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور محکمہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رزک نے اس موقع پر ادارہ جاتی مضبوطی (Institutional Strengthening) کے لیے تکنیکی وسائل فراہم کرنے اور اہم اقدامات پر تعاون کی یقین دہانی کرائی، جن میں نیشنل ایکشن پلان برائے انسانی حقوق 2026 کو آگے بڑھانا اور بزنس و ہیومن رائٹس کے فروغ کے اقدامات شامل ہیں۔صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پنجاب حکومت مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی امور ایک پانچ سالہ اسٹریٹجک پلان تشکیل دے رہا ہے، سکھ میرج ایکٹ کا نفاذ ہوچکا ہے، ہندو میرج ایکٹ کے رولز منظور ہو چکے ہیں جبکہ مسیحی میرج ایکٹ پر کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلی بار اقلیتی نوجوانوں کو سول سروسز اکیڈمی میں داخلہ دلایا گیا ہے۔ پنجاب کے ای لرننگ پروگرام کو قومی و بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

انہوں نے بھارت کی جانب سے سکھ یاتریوں کو پاکستان نہ بھیجنے کے فیصلے کو افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا۔ڈاکٹر سیموئیل رزک نے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ یو این ڈی پی انسانی حقوق کے فروغ، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ادارہ جاتی صلاحیت کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ اس موقع پر یو این ڈی پی کے اسسٹنٹ ریزیڈنٹ ریپریزنٹیٹیو رانا قیصر اسحاق، پراونشل ہیومن رائٹس آفیسر مدیحہ فرید، ایڈیشنل سیکرٹری انسانی حقوق رضوانہ نوید اور کنسلٹنٹ سید عمران سجاد بھی موجود تھے۔