قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسداد منشیات کا 17واں اجلاس، کریمنل پروسیجر (ترمیمی) بل پر مزید مشاورت کی سفارش

بدھ 24 ستمبر 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسداد منشیات کا 17واں اجلاس چیئرمین راجہ خرم شہزاد نواز، رکن قومی اسمبلی، کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔وفاقی وزیر قانون و انصاف، اعظم نذیر تارڑ نے کمیٹی کو کریمنل پروسیجر (ترمیمی) بل 2025 پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بل پر خاطر خواہ پیش رفت ہوچکی ہے تاہم عوامی ضروریات کے مطابق مزید بہتری درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بل کا بنیادی مقصد شہادت کے قانون میں ترامیم کرنا ہے تاکہ اسے موجودہ تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جاسکے۔ کمیٹی نے اس مسودہ قانون پر بار کونسلز سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ضرورت پر زور دیا اور ڈرافٹ بل تیس دن کے اندر رائے شماری کے لیے جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

اس بل کو اگلے اجلاس تک مؤخر کردیا گیا۔اجلاس میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) بل 2025، کوروسیِو سبسٹنس اسالٹ (پریوینشن اینڈ پروٹیکشن) بل 2024 اور ڈاؤری ریسٹرینٹ بل 2025 کو بھی متعلقہ وزراء و ممبران کی عدم موجودگی اور مزید مشاورت کی ضرورت کے باعث مؤخر کردیا گیا۔

تاہم ڈومیسٹک وائلنس (پریوینشن اینڈ پروٹیکشن) بل 2025 کو ترامیم کے ساتھ اسمبلی سے منظوری کے لیے سفارش کر دی گئی۔ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے فورس کے دائرہ کار، کارکردگی اور بین الاقوامی تعاون پر بریفنگ دی اور بتایا کہ منشیات کی ترسیل میں کوریئر سروسز کا غلط استعمال ایک بڑا چیلنج ہے۔ کمیٹی نے اس حوالے سے سخت ریگولیٹری میکنزم، شناختی نظام اور ٹریکنگ سسٹم متعارف کرانے کی سفارش کی۔

کمیٹی نے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کے صدر اور اراکین کے ساتھ بنی گالہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کے مبینہ ناروا رویے پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ و انسداد منشیات نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرنے کی یقین دہانی کرائی۔کمیٹی نے اسلام آباد میں ٹرانسفارمرز کی چوری، آئی بی ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں زمینوں پر قبضہ، اور نیشنل اسمبلی سیکریٹریٹ ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (NASECHS) سے متعلق مسائل پر بھی غور کیا۔

متعلقہ حکام کو آئندہ اجلاس میں تفصیلی رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی انجم عقیل خان، چوہدری نصیر احمد عباس، نوشین افتخار، سید رفیع اللہ، حاجی جمال شاہ کاکڑ، سردار نبیل احمد گبول، عبدالقادر پٹیل، خواجہ اظہار الحسن اور شمیلا فاروقی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ وزارت داخلہ و انسداد منشیات، وزارت قانون و انصاف، ایف آئی اے، اے این ایف، اسلام آباد پولیس اور سی ڈی اے کے اعلیٰ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔