قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی میزبانی میں سینیٹ، چاروں صوبائی اسمبلیوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلیوں کے سیکرٹریز کا مشترکہ اجلاس

جمعرات 25 ستمبر 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی میزبانی میں سینیٹ، چاروں صوبائی اسمبلیوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلیوں کے سیکرٹریز کا مشترکہ اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا جس کی صدارت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے سیکرٹری سید طاہر حسین نے کی۔ اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے وژن کے مطابق منعقد کیا گیا جس کا مقصد تمام قانون ساز اداروں کے درمیان موثر روابط، ہم آہنگی اور پارلیمانی نظام کے فروغ کے ذریعے اسے مزید مستحکم بنانا ہے۔

سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی سید طاہر حسین نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سیکرٹریز کی ایسوسی ایشن قانون ساز اداروں کے مابین رابطوں کو فروغ دینے اور مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پلیٹ فارم قانون ساز اداروں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کرے گا۔اجلاس میں 18ویں سپیکرز کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر سپیشل سیکرٹری قومی اسمبلی سید شمعون ہاشمی نے شرکا کو آگاہ کیا کہ ان میں سے بیشتر فیصلوں پر ملک کے تمام قانون ساز اداروں نے عملدرآمد کر لیا ہے۔ اجلاس میں 19ویں سپیکرز کانفرنس کے ایجنڈے پر بھی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں پبلک اکائونٹس کمیٹیوں کے طریقۂ کار کو مزید موثر بنانے، قانون ساز کمیٹیوں کو بااختیار کرنے، قواعد و ضوابط میں ہونے والی ترامیم کے نفاذ اور کمیٹیوں کے اجلاسوں میں ورچوئل شرکت و ووٹنگ کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔

شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کمیٹیوں کے اختیارات براہ راست ایوان کی اتھارٹی اور معزز سپیکر کے فیصلوں سے اخذ ہوتے ہیں۔ مزید برآں پارلیمانی عمل میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا گیا جن میں کمیٹی ممبران کی ورچوئل شرکت کو یقینی بنانا اور مقننہ جات کے درمیان بہتر روابط کے لیے فوکل پرسنز مقرر کرنا شامل ہیں۔اجلاس میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز (پیپس) کے کردار کو مزید فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ قانون ساز اداروں کے افسران و عملے کے لیے تربیتی پروگرامز اور استعداد کار میں اضافے کے اقدامات کو وسعت دی جا سکے۔

اس ضمن میں موثر تربیتی کورسز کی تیاری، زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے اور آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کی اسمبلیوں کو بھی پیپس کے دائرہ کار میں شامل کرنے پر زور دیا گیا۔شرکا نے کمیٹی نظام کو مزید فعال اور مستحکم بنانے اور تمام قانون ساز اداروں کی لائبریریوں کو ایک مشترکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے منسلک کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ تحقیق اور معلومات کے تبادلے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔

اجلاس میں سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر، سیکرٹری پارلیمانی افیرز پنجاب اسمبلی عامر حبیب، سیکرٹری سندھ اسمبلی غلام محمد عمر فاروق، قائم مقام سیکرٹری خیبر پختونخوا اسمبلی سید محمد ماہر، سیکرٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، سیکرٹری قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر بشارت حسین، سیکرٹری گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی عبدالرزاق، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پیپس عاصم خان گورایہ، سپیشل سیکرٹری قومی اسمبلی سید شمعون ہاشمی، ایڈیشنل سیکرٹری و پرنسپل سیکریٹری ٹو سپیکر قومی اسمبلی سعید احمد میتلا کے علاوہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔