لاڑکانہ ،صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کی پیپلز پارٹی کو بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد

جمعہ 26 ستمبر 2025 17:21

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) سندھ کے وزیر توانائی اور ترقیات و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کو بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ایک بار پھر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن پر اپنے غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

یہ کامیابی عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور ترقی پسند ایجنڈے کی فتح ہے۔

(جاری ہے)

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور نو منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ شفافیت اور دیانتداری کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی اقدامات کو مزید تیز کرے گی تاکہ صوبے کے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ پیپلز پارٹی ہی ان کی اصل ترجیح اور ان کی آواز ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل ہوگا۔