مئی میں ہم پر بلااشتعال جارحیت کی گئی، دشمن غرور میں لپٹا آیا ،ذلت کیساتھ واپس لوٹا، وزیراعظم

جارحیت کرنے والوں کو فیصلہ کن جواب تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،شہباز شریف کا یو این جنرل اسمبلی سے خطاب

جمعہ 26 ستمبر 2025 21:15

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مئی میں ہم پر بلااشتعال جارحیت کی گئی، دشمن غرور میں لپٹا آیا اور ذلت کے ساتھ واپس لوٹا، ہمارے شاہینوں نے فضائوں میں دشمن کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے سات بھارتی طیاروں کو مٹی کا ڈھیر بنا دیا ، جارحیت کرنے والوں کو ہمارا فیصلہ کن جواب تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برس اسی فورم پر میں نے خبردار کیا تھا کہ پاکستان کسی بھی بیرونی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دے گا، یہ الفاظ اس سال مئی میں اس وقت سچ ثابت ہوئے جب مشرقی محاذ سے ہم پر بلااشتعال جارحیت کی گئی، دشمن غرور میں لپٹا آیا اور ذلت کے ساتھ واپس لوٹا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کی ہماری پیشکش کو مسترد کرکے انسانی المیے کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرتے ہوئے ہمارے شہروں اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا، جب ہماری علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کی خلاف ورزی ہوئی تو ہم نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا بنیادی حق استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا، ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو کی قیادت میں ہمارے شاہینوں نے فضائوں میں دشمن کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے سات بھارتی طیاروں کو مٹی کا ڈھیر بنا دیا ، جارحیت کرنے والوں کو ہمارا فیصلہ کن جواب تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اس فتح کا سہرا ہمارے ہر افسر اور جوان اور شہداء کے ورثاء کے سر ہے، ان کی عظمت امر ہے، ہمارے شہداء کی مائوں کا حوصلہ ہماری رہنمائی کرتا ہے، ان کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی، ہر پاکستانی اس صورتحال میں ایک مضبوط دیوار ’’بنیان مرصوص‘‘ بن کر کھڑا رہا۔