مشیرچیئرمین سینیٹ مصباح کھرکا بین الاقوامی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع تلاش کرنے کی دعوت

اتوار 28 ستمبر 2025 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) چیئرمین سینیٹ کے مشیر اور انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس کی سفیرمصباح کھرنے بین الاقوامی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ٹائنز انٹرنیشنل کے زیرِ اہتمام گرینڈ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا,جس میں ملک بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

انہوں نے پاکستان کو ایک گیٹ وے اکانومی قرار دیاجو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، گوادر پورٹ اور وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ، یورپ اور دیگر خطوں کو آپس میں ملاتا ہے۔انہوں نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی طرف سے ٹائنز انٹرنیشنل کو مبارکباددی اورپاکستان میں دو دہائیوں سے زائد عرصے سے اس کی خدمات کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹائنز انٹرنیشنل نہ صرف چینی طب اور فلاح و بہبود کو فروغ دے رہا ہے بلکہ روزگار اور کاروباری مواقع پیدا کر کے ہزاروں پاکستانی خاندانوں کو خودمختاری فراہم کر رہا ہے، اس کے علاوہ ٹائنز انٹرنیشنل صرف ایک کمپنی نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کا شراکت دار ہے۔

مصباح کھر نے یہ بھی اعلان کیا کہ پاکستانی سینیٹ نومبر 2025 میں اسلام آباد میں ایک بڑی انٹر پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس کی میزبانی کرے گاجس کا موضوع امن، سلامتی اور ترقی ہو گا۔کانفرنس میں دنیا بھر سے پارلیمانی رہنما شرکت کریں گے تاکہ مشترکہ ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے صحت، تعلیم اور معاشی ترقی کے شعبوں میں عوامی و نجی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور ٹائنز کی پاکستان سے وابستگی کو سراہا۔