Live Updates

ح*عوامی رکشہ یونین لاہور کے چیئرمین کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان

اتوار 28 ستمبر 2025 19:45

پ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 ستمبر2025ء) عوامی رکشہ یونین لاہور کے چیئرمین نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ رکشہ ڈرائیوروں، مزدوروں اور غریب عوام کے بہتر مستقبل کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ مزدوروں اور کسانوں کو اپنی سیاست کا مرکز بنایا۔

ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ’’روٹی، کپڑا اور مکان‘‘ کا نعرہ دے کر پسے ہوئے طبقات کو امید بخشی۔ بھٹو شہید نے پاکستان کو ایٹمی طاقت کی راہ پر ڈالا اور 1974 میں قادیانیوں کو کافر قرار دے کر تاریخ ساز فیصلہ کیا، جو اسلام اور مسلمانوں کے تحفظ کی ضمانت بنا۔ چیئرمین عوامی رکشہ یونین نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدوروں اور محنت کشوں کو یونینز کا حق دیا، ان کی آواز بلند کی اور انہیں عزت و وقار فراہم کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آج مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو عوام کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری اسی عوامی سیاست کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ چیئرمین عوامی رکشہ یونین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر رکشہ ڈرائیوروں، مزدوروں اور غریب عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی تاکہ مزدور کو اس کی محنت کا معاوضہ، کسان کو اس کی فصل کا درست معاوضہ اور ہر شہری کو انصاف اور عزت کے ساتھ جینے کا حق مل سکے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات