پیٹرولیم مصنوعات کے علاوہ ملک بھر میں بجلی کی قیمت میں بھی اضافہ ہونے کا خدشہ

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر سماعت کرے گی

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 ستمبر 2025 13:06

پیٹرولیم مصنوعات کے علاوہ ملک بھر میں بجلی کی قیمت میں بھی اضافہ ہونے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 ستمبر2025ء ) پیٹرولیم مصنوعات کے علاوہ ملک بھر میں بجلی کی قیمت میں بھی اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواست پر سماعت کرے گی، جس میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی استدعا کی گئی ہے، اس سلسلے میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگست میں ڈسکوز کو مجموعی طور پر 102.94 ارب یونٹ بجلی فراہم کی گئی تاہم پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا، اگست میں بجلی کی اوسط پیداواری لاگت 7.31 روپے فی یونٹ کے مقابلے میں 7.50 روپے فی یونٹ رہی۔

درخواست سے معلوم ہوا ہے کہ مقامی کوئلے سے پیدا کی جانے والی بجلی کی لاگت 12.01 روپے فی یونٹ رہی، درآمدی کوئلے پر لاگت بڑھ کر 14.07 روپے فی یونٹ تک پہنچ گئی، فرنس آئل سے بجلی پیدا کرنے کی قیمت 33 روپے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی، گیس سے 13.43 روپے فی یونٹ لاگت آئی، ایل این جی کے ذریعے بجلی 21.73 روپے فی یونٹ کی قیمت پر پیدا ہوئی، ایران سے درآمد ہونے والی بجلی 41 روپے فی یونٹ میں سب سے مہنگی رہی، بگاس کے ذریعے پیداوار کی لاگت 9.87 روپے فی یونٹ ریکارڈ ہوئی، سی پی پی اے کی اس درخواست پر آئندہ چند روز میں فیصلہ متوقع ہے، منظوری کی صورت میں صارفین ایک ماہ کے لیے بجلی کے بلوں میں اضافی بوجھ برداشت کریں گے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف ملک میں پیٹرولیم مصنوعات بھی مزید مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ مکمل کرلی گئی جس کے تحت یکم اکتوبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا امکان ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک روپیہ 97 پیسے سے 4 روپے 65 پیسے فی لیٹر تک کا اضافہ ہوسکتا ہے، پیٹرول کی قیمت ایک روپیہ 97 پیسے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 48 پیسے فی لیٹر بڑھنے کا امکان ہے، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ایک روپیہ 76 پیسے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 65 پیسے فی لیٹر اضافہ متوقع ہے، اوگرا قیمتوں سے متعلق ورکنگ پیٹرولیم ڈویژن کے ذریعے وزارتِ خزانہ کو ارسال کرے گی، جس کے بعد وزیراعظم کی طرف سے منظوری ملتے ہی ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں سے متعلق وزارت خزانہ باضابطہ اعلان کرے گی۔