پاکستانی تاریخ کی پہلی قومی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی متعارف کرائی گئی ہے ‘ رانا مشہود احمد

پیر 29 ستمبر 2025 23:19

پاکستانی تاریخ کی پہلی قومی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی متعارف کرائی گئی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان کی تاریخ کی پہلی قومی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی متعارف کرا ئی گئی ہے جس کے تحت 2029ء تک ملک کی افرادی قوت میں سو فیصد روزگار کے حصول کو یقینی بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے،اس پالیسی کا مقصد نوجوانوں کو عزت اور وقار کے ساتھ روزگار فراہم کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ رانا مشہود احمد خان نے بتایا کہ پالیسی کے تحت ملک کے تمام اضلاع میں ایمپلائمنٹ ایکسچینجزقائم کئے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو روزگار کی سہولت ان کی دہلیز پر میسر ہو،ساتھ ہی ڈیجیٹل یوتھ ایپ بھی متعارف کرائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس پالیسی کے تحت ملک کی10 اہم شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے جن میں زرعی و خوراک کی پیداوار،ای کامرس، صحت، ہاوسنگ و تعمیرات،انفارمیشن ٹیکنالوجی،لاجسٹکس و ویئر ہائوسنگ، مینو فیکچرنگ، معدنیات، سیاحت و مہمان نوازی اور بیرون ملک ملازمتوں کے مواقع شامل ہیں۔

بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی وطن واپسی پر دوبارہ تربیت اور ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کا جامع نظام بھی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے تحت ہرسال کم از کم 10 فیصد نئے بزنسز رجسٹرڈ ہوں گے،چاہے وہ کمپنیز ایکٹ کے تحت ہوں یا سمال فارمز اور پروپرائیٹرشپس،اس میں صوبائی شراکت داری کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار گرین جابز پر ٹیکس کریڈٹ فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ اپرنٹس شپ اور فلیکسیبل ٹریننگ پارٹنرشپس شروع کی جا رہی ہیں۔

چیئرمین نے واضح کیا کہ خواتین کو بھی بھرپور نمائندگی دی جا رہی ہے اور ہدف رکھا گیا ہے کہ2029 تک 35 فیصد خواتین روزگار کے عمل کا حصہ بنیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم سے محروم اور پسماندہ طبقے کے نوجوانوں کو بھی دوسرا موقع فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ ہنر سیکھ کر معاشرے کا فعال حصہ بن سکیں۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ بیرون ملک ملازمت حاصل کرنے والے نوجوانوں کے لئے 10 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض دیا جائے گا تاکہ وہ ٹکٹ اور ابتدائی اخراجات پورے کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی تین سال کی محنت کا نتیجہ ہے اور وفاقی کابینہ اس کی منظوری دے چکی ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف اس منصوبے کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور ہر دو ماہ بعد اس حوالے سے اجلاس منعقد کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک جیسے سعودی عرب، قطر، چین، ترکیہ اور امریکہ میں پاکستانی نوجوانوں کیلئے دروازے کھل رہے ہیں اور آئندہ دو تین سالوں میں تقریباً 18 لاکھ پاکستانی نوجوان بیرون ملک باعزت روزگار حاصل کر سکیں گے۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو پاکستان کے اصل سفیر بنا کر دنیا میں بھیجنا چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو تین سال میں 18 لاکھ نوجوانوں کیلئے اندرون و بیرون ملک روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔