اداکارہ میرا کی وزیر اعظم اور آرمی چیف کو مبارک باد

پیر 29 ستمبر 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)اداکارہ میرا نے پاکستان کی عالمی سفارت کاری پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے۔اداکارہ میرا نے حال ہی میں جاری کردہ ویڈیو میں پاکستان کی عالمی سفارت کاری پر گفتگو کی جس میں انہوں نے خصوصی طور پر فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم کی کاوشوں کو سراہا۔

اداکارہ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کو ’گریٹ گائے یعنی زبردست افراد قرار دینا خوش آئندہ بات ہے، یہ پاکستان کی کامیابی ہے۔اداکارہ کے مطابق امریکی صدر اور پاکستانی قیادت کے درمیان اچھی ملاقات ہوئی ،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے سے بھی ملک کی عالمی سطح پر عزت ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان اور سعودیہ کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کو اہم ترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کا فائدہ ہوگا۔

میرا نے وزیر اعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ (یو این) کی جنرل اسمبلی سے خطاب کی بھی تعریفیں کیں اور ان کی تقریر کو انتہائی اچھا قرار دیا،ان کے مطابق وزیر اعظم نے اپنے شاندار خطاب میں کشمیر کا ذکر بھی کیا اور ان کا خطاب پاکستان کی عالمی سفارت کاری کی کامیابی کا عکس تھا۔اداکارہ میرا نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر وزیر اعظم اور آرمی چیف کو دل سے مبارک باد بھی پیش کی۔میرا کی جانب سے پاکستان کی عالمی سفارت کاری پر بات کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے اور ان کی سیاست میں دلچسپی کو بھی قابل تعریف قرار دیا۔