Live Updates

موسمیاتی تبدیلی بڑا چیلنج،وفاق کا ماحولیاتی وزرعی ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ اہمیت کا حامل ہے ،جمال شاہ کاکڑ

پیر 29 ستمبر 2025 20:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا ماحولیاتی و زرعی ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان اس وقت ماحولیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے شدید ترین چیلنجوں کا سامنا کر رہا ہے جن میں خشک سالی، پانی کی قلت، جنگلات کی کٹائی، غیر موسمی بارشیں، سیلاب اور زمینی کٹا شامل ہیں۔

یہ تمام عوامل نہ صرف معیشت کو متاثر کر رہے ہیں بلکہ براہِ راست عوام کی زندگیوں اور صحت پر بھی گہرے اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بالخصوص موسمیاتی تبدیلیوں کا سب سے زیادہ شکار ہے۔ یہاں زرعی شعبہ شدید دبا میں ہے، کسانوں کو پانی کی کمی کا سامنا ہے جبکہ قدرتی آفات کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے گھر اور مالی نقصان سے دوچار ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان حالات میں ماحولیاتی ایمرجنسی کا نفاذ پاکستان کی بقا اور عوام کے بہتر مستقبل کے لیے انتہائی ضروری اقدام ہے۔ جمال شاہ کاکڑ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی قیادت پہلے دن سے اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل صرف جامع اور سنجیدہ پالیسیوں میں مضمر ہے۔ ہمیں نہ صرف ہنگامی بنیادوں پر جنگلات کی بحالی، پانی کے وسائل کے بہتر انتظام اور صاف توانائی کے منصوبوں پر کام کرنا ہوگا بلکہ عوامی آگاہی مہم بھی چلانی ہوگی تاکہ ماحول دوست رویوں کو اپنایا جا سکیانہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اس اقدام سے صوبوں کو بھی یہ موقع ملا ہے کہ وہ اپنے وسائل اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی حکمتِ عملی تیار کریں۔

بلوچستان کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہاں کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے درپیش چیلنجوں کا سامنا کررہے ہیں اور ماحولیاتی چیلنج ان کی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔انہوں نے سیاسی مخالفین کی تنقید کو غیر سنجیدہ اور قومی مفاد کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے معاملات میں سیاست نہیں ہونی چاہیے بلکہ سب کو مل کر ایک قومی ایجنڈے پر کام کرنا چاہیے۔ پاکستان کی آئندہ نسلوں کا مستقبل اسی فیصلے پر منحصر ہے کہ ہم آج ماحولیاتی چیلنجوں کے خلاف کتنی سنجیدگی اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات