پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں 44ویں نیشنل کبڈی چمپئن شپ کا شاندار آغاز،وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے افتتاح کر دیا

بدھ 1 اکتوبر 2025 22:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء) 44ویں نیشنل کبڈی چمپئن شپ پنجاب سٹیڈیم میں شرو ع ہوگئی۔ صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر چمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ،انہوں نے 44ویں نیشنل کبڈی چمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور کھلاڑیوں سے حلف لیا۔اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفر خان سیال، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری، پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور موجود تھے جبکہ کبڈی کے مایہ ناز کھلاڑی اور شائقین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کبڈی کے لیے یہ ایونٹ ایک بڑے تہوار کی حیثیت رکھتا ہے، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

(جاری ہے)

کبڈی صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ہماری ثقافت اور روایت کا اہم حصہ ہے، حکومت پنجاب روایتی کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی کھیلوں میں کبڈی کو ایک نمایاں مقام حاصل ہے اور اس کھیل کی ترویج سے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔ کبڈی جیسے کھیل نوجوانوں میں حوصلہ، جرات اور ٹیم ورک کے جذبات پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی صوبے کی ٹیم جیتے، اصل جیت کبڈی کی ہوگی۔ ہمارے نوجوان کھلاڑی ہمارا سرمایہ ہیں، کبڈی جیسے کھیل انہیں اپنی صلاحیتیں منوانے کے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔

صوبائی وزیر کھیل نے مزید کہا کہ بہت سے کھلاڑی پنجاب انڈوومنٹ فنڈ میں رجسٹرڈ ہیں اور حکومت پنجاب ان کی بھرپور سرپرستی کر رہی ہے کیونکہ کھیلوں کا فروغ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔چمپئن شپ یکم سے 5 اکتوبر تک پنجاب سٹیڈیم میں جاری رہے گی جس میں ملک بھر سے 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، افتتاحی تقریب کے دوران قومی کبڈی ٹیم کے کپتان شفیق چشی نے تمام کھلاڑیوں کی جانب سے حلف اٹھایا، جس میں انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ پوری محنت، لگن اور کھیل کے جذبے کے ساتھ چمپئن شپ میں حصہ لیں گے اور کھیل کی اصل روح کو برقرار رکھیں گے،44ویں نیشنل کبڈی چمپئن شپ میں پاکستان آرمی، ائیر فورس، واپڈا، ایچ ای سی، پولیس،ریلویز، پنجاب، سندھ، بلوچستان، کے پی کے اور اسلام آباد کی ٹیمیں شریک ہیں۔