وفاقی وزیرانجنیئرامیر مقام کی آزاد کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت

جمعرات 2 اکتوبر 2025 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے آزاد کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل ہمیشہ مذاکرات سے حل ہوں گے، عوامی مسائل ہڑتالوں اور سڑکوں پر نہیں، میز پر بیٹھ کر حل ہوتے ہیں۔ یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ پورے ملک میں بشمول کشمیر و گلگت بلتستان میں امن وامان ہو۔

انجنیئرامیر مقام نے کہا کہ کشمیر میں ایکشن کمیٹی نے ہڑتال کی کال دی تو ہم خود ان کے پاس گئے،عوامی ایکشن کمیٹی سے طویل مذاکرات کیے،آئین اور قانون کے دائرے میں آنے والے مطالبات تسلیم کیے جا چکے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ایک مرتبہ پھر کہتے ہیں کہ جو چیز عوام کے مفاد میں ہو اور اس سے عوام کو فائدہ حاصل ہوتا ہے تو اس اس کا حل مذاکرات ہیں،عوامی مسائل ہڑتالوں اور سڑکوں پر نہیں، میز پر بیٹھ کر حل ہوں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر امور کشمیرنے کہا کہ عوامی مفاد میں جو بھی فیصلے ہوں گے، حکومت مکمل تعاون کرے گی،ہڑتالوں اور تصادم سے عوام کو فائدہ نہیں بلکہ نقصان ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان کے لیے ہمارا مؤقف ہمیشہ ایک رہا ہے اور آئندہ بھی اس موقف پر قائم رہیں گے،پرامن حل ہی سب کے لیے خیر و عافیت کا راستہ ہے۔