جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

جمعرات 2 اکتوبر 2025 23:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2025ء) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے بنچ کے خلاف ریلیف حاصل کرنے کے بعدجسٹس طارق محمود جہانگیری نے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کرتے ہوئے درخواست میں سندھ ایجوکیشن کمیشن،کراچی یونیورسٹی،پیمرا و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کا 25 ستمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے کیس میں فریق بننے کی درخواست خارج کی،متاثرہ فریق کو سنے بغیر یکطرفہ فیصلہ خلاف قانون ہے۔ سندھ ہائیکورٹ نے درخواست قابل سماعت ہونے کا معاملہ بھی نظرانداز کیا۔

(جاری ہے)

جسٹس طارق محمود جہانگیری کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ میں درخواستگزار کو فریق نہیں بنایا گیا۔

سندھ ہائیکورٹ کو فیصلہ کرنے سے پہلے درخواستگزار کو فریق بننے اور وکیل کرنے کی مہلت نہیں دی گئی۔ درخواستگزار کی ڈگری کا معاملہ آئینی بینچ میں مقرر نہیں ہو سکتا تھا۔عدالت سے استدعا میں مزید کہا گیاہے کہ درخواستگزار موجودہ جج ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف بار کے عہدوں پر بھی فائز رہا ہے۔ درخواستگزار کی ڈگری منسوخی بدنیتی اور غیر قانونی عمل پر مبنی ہے۔