پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مارچ کے دوران اب تک ہونے والی سویلین اور پولیس جوانوں کی شہادتوں پر گہرے دکھ کا اظہار

جمعرات 2 اکتوبر 2025 23:11

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ نے آزاد کشمیر بھر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مارچ کے دوران اب تک ہونے والی سویلین اور پولیس جوانوں کی شہادتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی،آزاد کشمیر حکومتوں اور ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں سے صبر وتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام معاملات بات چیت کے زریعے حل کرنے کی اپیل کردی۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اشفاق ظفر نے کہا کہ سول ہو یا فورسز کا جوان ہو دونوں اطراف سے ہمارا ہی نقصان ہے،قیمتی جانوں کے ضیاع پر دل دکھی ہے اللہ تعالی مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کو صحت کاملہ عطا فرمائے،اشفاق ظفر نے کہا کہ سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں حکومتی مذاکراتی وفد کی مذاکرات کے لیے مظفرآباد آمد خوش آئند اقدام ہے،راجہ پرویز اشرف فہم و فہراست والے لیڈر ہیں امید ہے کہ ان کی قیادت میں وفاق کا وفد جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے با مقصد مذاکرات کر کے مسائل کو حل کروائے گا تانکہ آزاد کشمیر میں مزید خون خرابہ نہ ہو،اشفاق ظفر نے کہا کہ پانچ روز سے آزاد کشمیر بھر کے عوام کا رابطہ دنیا بھر سے منقطع ہے،بیرون ممالک اور پاکستان میں مقیم کشمیری اپنے پیاروں سے رابطہ نہ ہونے کے باعث شدید پریشانی سے دوچار ہیں،حکومت فوری طور پر اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کرتے ہوئے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بحال کرے تانکہ آزاد کشمیر کے عوام کا پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم اپنے پیاروں سے رابطہ بحال ہو پائے،اس وقت آزاد کشمیر بھر کے اکثریتی عوام کا موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش کے باعث اپنے پیاروں سے رابطہ مکمل طور پر ختم ہے کسی کو بھی ایک دوسرے کی غمی، خوشی کا کوئی علم نہیں ہے۔

۔۔۔۔