سندھ ہائیکورٹ ، سابق صدر عارف علوی کی مستقل سرکاری رہائشگاہ کے لیئے درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری، پیرا وائز جواب جمع کرانے کا حکم

جمعہ 3 اکتوبر 2025 14:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدر عارف علوی کی مستقل سرکاری رہائشگاہ کے لیئے درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیرا وائز جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔جمعہ کو سندھ ہائیکورٹ میں سابق صدر عارف علوی کا مستقل سرکاری رہائشگاہ کے لیئے درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ عارف علوی 2018 سے 2024 تک صدرمملکت رہے ہیں۔

صدر پاکستان رہنے کے باعث تاحیات سرکاری رہائشگاہ کے اہل ہیں۔

(جاری ہے)

عارف علوی کو پہلے رہائش کے لیئے باتھ آئی لینڈ کا بنگلہ 3-اے الاٹ کیا تھا۔ بعد ازان انہیں بنگلہ نمبر 5-اے الاٹ کردیا گیا۔ مذکورہ بنگلہ کسٹم ممبر شہاب امام کے قبضے میں ہے۔ شہاب امام نے بنگلے پر 2023 سے حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے۔ سابق صدر کے ساتھ وفاقی حکومت کا یہ رویہ مناسب نہیں۔ سابق صدر کو مذکورہ بنگلے کی موجودہ حیثیت کا پہلے نہیں بتایا گیا۔ وفاقی حکومت کو مذکورہ بنگلہ بطور رہائش سابق صدر کو دینے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیرا وائز جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔