Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب سیلاب زدگان کی مدد اور عوام کی خدمت کے لئے شب وروز کوشاں ہیں ،چوہدری شافع حسین

جمعہ 3 اکتوبر 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے گجرات کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات کے وفد نے مسلم لیگ ہائوس میں ملاقات کی۔وفد کی قیادت چوہدری رضوان دلدار کر رہے تھے۔اس موقع پر پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی گجرات کی سیاسی و سماجی شخصیات نے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین، چودھری شافع حسین اور چودھری سالک حسین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ملک کی تعمیر وترقی اور عوام کی خدمت کیلئے مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔ محمد اسلم ٹوپہ نے کہاکہ چوہدری شافع حسین کی عوامی خدمت کی سیاست سے متاثر ہو کر پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو پارٹی پرچم کے مفلر پہنائے۔

صوبائی وزیرنے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ گجرات کی سیاسی وسماجی شخصیات کی پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہیں،معروف سیاسی وسماجی شخصیات کی پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت سے پارٹی مزید مستحکم ہو گی۔پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ عوامی خدمت،شرافت اور رواداری کی سیاست کی ہے،ہم چوہدری ظہور الہٰی شہید اور چوہدری شجاعت حسین کی شرافت اور رواداری کی سیاست کو ہی آگے بڑھا رہے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ نے پاکستان بنایا اور یہی جماعت اسے ترقی کی منزل سے ہمکنار کرے گی۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ گجرات سمیت پنجاب کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سیلاب زدگان کی مدد اور عوام کی خدمت میں شب وروز کوشاں ہیں۔سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے اور متاثرین کی مدد کیلئے وزیر اعلیٰ کی قیادت میں پوری حکومتی مشینری فیلڈ میں موجود رہی میں بھی کئی بار مشکلات میں گھرے لوگوں کے دکھ درد بانٹنے ان کے پاس پہنچا۔

گجرات کو آئندہ ایسی سیلابی صورتحال سے محفوظ رکھنے کیلئے ابھی سے تیاری شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گجرات میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے،شہر میں عالمی معیار کا سیوریج سسٹم لایا جا رہا ہے۔صحت اور تعلیم کے اداروں اور پارکوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔گجرات شہر کو ترقی کے لحاظ سے پنجاب کا ماڈل شہر بنائیں گے،سروس موڑ برج دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں محمد اسلم ٹوپہ،ندیم سنار،بشیراحمد ٹوپہ،سیدمحمد اکبر،محمد ارشاد،مبشر ریاض اور دیگر شامل تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات