’’غزہ مارچ‘‘ کا مقصد دنیا کو پیغام دینا ہے کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں ،ْ منعم ظفر خان

کراچی ایک بار پھر ثابت کردے گا کہ یہ امتِ مسلمہ کا دھڑکتا ہوا قلب ہے ،ْ کیمپ کا افتتاح و گفتگو، منعم ظفر نے ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پرگلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کے خلاف کراچی میں بھی 100 سے زائد مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں قائدِ اعظم کا مؤقف ہمیشہ اسرائیل کو کبھی بھی تسلیم نہ کرنا ہے اور اسی مؤقف پر قائم رہنا ہمارا قومی فریضہ ہے ،ْ امیر جماعت اسلامی کراچی

جمعہ 3 اکتوبر 2025 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے امریکی سرپرستی میں اسرائیلی دہشت گردی و جارحیت، فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف اور اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے 5اکتوبرکو شاہراہ فیصل پر ’’یکجہتی غزہ مارچ‘‘ کے سلسلے میں فریسکو چوک،برنس روڈ پر لگائے گئے کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ’’یکجہتی غزہ مارچ ‘‘میں لاکھوں افراد کے جمع ہونے کا مقصد پوری دنیا کو واضح پیغام دینا ہے کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کی جان و مال کی حفاظت کے لیے آواز اٹھائیں گے اور امریکہ سرپرستی میں اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کی بھرپور مذمت کریں گے۔

یکجہتی غزہ مارچ سے امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کلیدی خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

کراچی ایک بار پھر ثابت کردے گا کہ یہ امتِ مسلمہ کا دھڑکتا ہوا قلب ہے اور قبلہِ اول بیت المقدس کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔کراچی کے عوام اپنے اہلِ خانہ، بزرگ، نوجوان اور بچوں کے ساتھ اس عظیمِ الشان مارچ میں شرکت کریں تاکہ عالمی سطح پر ایک متحد پیغام پہنچایا جا سکے۔

قائدِ اعظم محمد علی جناح کا مؤقف ہمیشہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل کو کبھی بھی تسلیم نہ کرنے کا رہا ہے اور اسی مؤقف پر قائم رہنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔اس موقع پر امیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی سفیان دلاور، اسمال ٹریڈرز کے رہنما عثمان شریف ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔منعم ظفر خان نے’’ غزہ مارچ‘‘ کے ہینڈ بلزبھی تقسیم کیے اور شہریوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دی ۔

دریں اثناء امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر اسرائیل کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملے کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ اس سلسلے میں کراچی کے مختلف اضلاع اور ٹاؤنز میں 100 سے زائد مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نوجوانوں اور بزرگ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی گہری وابستگی کا اظہار کیا۔

ریلیوں اور مظاہروں میں شریک مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطین کے جھنڈے ، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ''اسرائیل مردہ باد''،’’ ٹرمپ کا 20نکاتی امن منصوبہ نا منظور ‘‘اور From the River to the see Palistine will be free ودیگر نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے امریکہ و اسرائیل کے خلاف پُر جوش نعرے لگائے اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے ضلعی امراء اور مقامی ذمہ داران نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور سمندری حدود کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اس بہیمانہ اقدام نے ایک بار پھر یہ حقیقت آشکار کر دی ہے کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے جسے امریکہ و عالمی قوتوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔

علاوہ ازیں ’’یکجہتی غزہ مارچ کے سلسلے میں شہر بھر میں کیمپ قائم کردیے گئے اور عوامی رابطہ مہم بھی تیزی سے جاری ہے۔شہر بھر میں ہزاروں کی تعداد میں ہینڈ بلز تقسیم کیے گئے ،شہریوں کو غزہ مارچ میں شرکت کی دعوت دی گئی ۔منعم ظفر خان نے فریسکو چوک میں لگائے گئے کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزیدکہاکہ کراچی پورے پاکستان کا قلب اور تجارتی مرکز ہے، اور یہاں کے شہری بین الاقوامی انسانی حقوق کی پامالی پر خاموش نہیں رہ سکتے۔

کیمپ اور شہر بھر میں لگائے گئے سینکڑوں کیمپ اسی جذبات کا مظہر ہیں جن کا مقصد غزہ کے مظلوم بھائیوں کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہے۔انہوں نے کہاکہ غزہ میں پچھلے دو سالوں سے غزہ میں بدترین دہشت گردی اور جارحیت جاری ہے اور ہزاروں افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد بچے اور خواتین کی ہے۔ اسرائیل نے اسپتال، عبادت گاہیں اور عام شہری مراکز کو بھی نشانہ بنایا ۔پوری امتِ مسلمہ پر لازم ہے کہ وہ اس جارحیت کے خلاف آواز اٹھائے اور اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ یکجہتی میں شامل ہو۔