پاکستان رینجرزسندھ کی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پرکارروائیاں اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث4ملزمان گرفتار

اتوار 5 اکتوبر 2025 19:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء) پاکستان رینجرز سندھ کا اسٹریٹ کرائم کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری۔ پاکستان رینجرزسندھ نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے ملیر جام گوٹھ اور بلال چورنگی سے اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث 4ملزمان وجاہت عرف منا، ناصر عرف کاشف، عبدالواحداور فدا حسین عرف پیڈو کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 9ایم ایم پسٹل، دو عدد میگزین بمعہ ایمونیشن، 4عد د چوری شدہ موٹر سائیکلیں، ایک عد د موٹر سائیکل کے پارٹس، 4عد د موبائل فونز اور نقدی بر آمد کرلی۔ ترجمان رینجرزکے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اسلحہ کے زور پر شہریوں سے موبائل فون اور موٹر سائیکل چھیننے، پارکنگ اور گھروں کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کے لاک توڑ کر چوری کرنے اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے۔

(جاری ہے)

ملزمان نے ڈکیتیوں کے دوران متعدد افراد کو زخمی کرنے کا انکشاف بھی کیا ہے۔ گرفتار ملزمان کوبمعہ غیر قانونی اسلحہ وایمونیشن، موٹر سائیکلیں، موٹر سائیکل پارٹس، موبائل فونز اور مسروقہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لیئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔