اوورسیز پاکستانی وکشمیری عوام اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، چوہدری نعیم اختر

پیر 6 اکتوبر 2025 14:47

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس چوہدری نعیم اختر نے بھارتی آرمی چیف جنرل اپیندر دیویڈی کی جانب سے آپریشن سندور کے دوسرے مرحلے کے آغاز کرنے اور پاکستان کا وجود دنیا سے مٹانے کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی وکشمیری عوام اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،نریندر مودی اور بھارتی فوج کا جنگی جنون خطے کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا،اگر بھارت نے دوبارہ جنگ مسلط کی تو مسلح افواج پاکستان کے ساتھ مل کر منہ توڑ جواب دیں گے ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ معرکہ حق آپریشن بنیان المرصوص کے دوران مسلح افواج پاکستان نے بھارت کے 6 جنگی جہاز گرا کر پوری دنیا کو حیران کر دیا مجھ سمیت پوری کشمیری قوم مسلح افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پوری فوج متحد ومنظم ہے بھارت پاکستان کے امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے اور دھمکیاں دینا بند کرے پاکستان خودمختار، باوقار، پرامن اور ذمہ دار ایٹمی ملک ہے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتی فوج مقبوضہ جموں وکشمیر میں نہتے عوام سے شکست کھا کر اپنے ہوش و حواس کھو چکے ہیں انڈین آرمی چیف کا رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں،دھونس اور دھمکی کی سیاست بھارت کا وطیرہ رہا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ بھارتی آرمی چیف کی دھمکیوں سے بھارت کا چہرا بے نقاب ہوگیا ہے عالمی برادری کو ان کے جارحانہ عزائم کی مذمت کرنی چاہئے انڈین آرمی چیف نے پاکستانی وکشمیری قوم کو للکارا ہے جو سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔